امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں کساد بازاری کے امکان کو رد نہیں کیا ہے۔ ان کے اس بیان کی وجہ سے پیر کو امریکی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ S&P 500 کو تقریباً 4 ٹریلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ یہ نقصان انڈین اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) میں درج تمام کمپنیوں کے کل مارکیٹ کیپ کے برابر ہے۔ پیر کے زوال کا سب سے زیادہ اثر ٹیک کمپنیوں کے حصص پر پڑا۔ ایپل اور نیوڈیا دونوں کے حصص تقریباً 5 فیصد گرے جبکہ ٹیسلا کے حصص 15 فیصد سے زیادہ گرے۔ اس کمی نے ٹیسلا کی مارکیٹ کیپ کو 125 بلین ڈالر تک کم کردیا۔
ٹرمپ کے بیان کے علاوہ بھی اس کمی کی بہت سی وجوہات تھیں۔ بڑھتے ہوئے تجارتی تناؤ، افراط زر کے خدشات اور ٹرمپ کی اقتصادی پالیسیوں پر غیر یقینی صورتحال نے مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا۔ پیر کو S&P 500 انڈیکس 2.7% گر گیا۔ یہ فروری میں اپنی بلند ترین سطح سے اب تک 8.6 فیصد گر چکا ہے۔ نیس ڈیک کمپوزٹ میں بھی 4 فیصد کمی واقع ہوئی، جو ستمبر 2022 کے بعد سے اس کی سب سے بڑی ایک دن کی کمی ہے۔ بی ایس ای پر درج تمام کمپنیوں کی کل مالیت تقریباً 4.5 ٹریلین ڈالر ہے جبکہ امریکی اسٹاک مارکیٹ کی قیمت تقریباً 57 ٹریلین ڈالر ہے۔
وال سٹریٹ پر اس کمی نے ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد حاصل ہونے والے فوائد کو کالعدم کر دیا ہے۔ 5 نومبر کو ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب کے بعد مارکیٹ میں تیزی آئی تھی۔ لیکن اب سرمایہ کار اس کے جارحانہ ٹیرف کی وجہ سے معاشی خطرات کا از سر نو جائزہ لے رہے ہیں۔ یو بی ایس نے ایک رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ امریکہ میں کساد بازاری یا معاشی سست روی کا امکان 20 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد ہو گیا ہے۔ ٹرمپ کی بدلتی ہوئی ٹیرف پالیسی اور اس سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال امریکی اسٹاک مارکیٹ پر اثر انداز ہونے لگی ہے (اکنامک ٹائمس کے ان ہٹ کے ساتھ)