متھرا ضلع میں یمنا ایکسپریس وے پر منگل کو ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ گھنی دھند میں سات بسیں اور تین کاریں آپس میں ٹکرا گئیں،ان میں بھیانک آگ لگ گئی جس سے موقع پر افراتفری پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مسافروں کی بڑی تعداد پریشان ہے۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا۔ ضلع مجسٹریٹ، ایس ایس پی، سی او اور ایس ڈی ایم بھی موقع پر پہنچ گئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

عینی شاہد کے مطابق پہلے حادثہ پیش آیا، اس کے بعد آگ لگ گئی جس نے تین سے چھ بسوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے وقت بسیں پوری طرح سے بھری تھیں، تمام سیٹوں پر مسافر سوار تھے۔ عینی شاہد نے بتایا کہ حادثے کے وقت وہ سو رہا تھا۔ اچانک آگ کے ساتھ ایک زوردار آواز آئی جس سے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
ایس ایس پی متھرا شلوک کمار نے بتایا کہ سات بسیں اور تین کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے تمام گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ حادثے سے جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی۔ راحت اور بچاؤ کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ اب تک پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ 40 سے زائد زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سبھی کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔







