ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نےمکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی بالائی منزل سے کود کر اپنی زندگی ختم کرنے کی کوشش کی، لیکن ایک سیکیورٹی افسر نے فوری مداخلت کی اور شخص کے گرنے سے پہلے اسے پکڑ کر بچایا، جس کے دوران دونوں زخمی ہوگئے۔
امارت مکہ المکرمہ نے بتایا کہ مسجد الحرام کی سیکیورٹی کے لیے تعینات خصوصی فورس نے فوری کارروائی کی جب شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگائی۔ ایک افسر زخمی ہوا، جب اس نے شخص کو زمین سے ٹکرانے سے روکا؛ حکام کے مطابق افسر کو ہلکی چوٹیں آئیں اور یہ صرف فریکچر تک محدود رہی۔
حرمین شریفین کی سیکیورٹی فورسز نے ایک بیان میں کہا، ’’ایک شخص نے مسجد الحرام کی بالائی منزل سے اپنی زندگی ختم کرنے کی کوشش کی۔‘‘بیان میں مزید کہا گیا، ’’ایک سیکیورٹی افسر زخمی ہوا جب اس نے شخص کو زمین سے ٹکرانے سے روکا۔ دونوں افراد کو فوری طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا اور تمام قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔‘‘مسجد الحرام کے چیف امام، شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے زائرین پر زور دیا کہ وہ قواعد و ضوابط کی پابندی کریں، مقدس مقام کی حرمت کا احترام کریں، اسلامی آداب کا خیال رکھیں اور عبادت و اطاعت میں مشغول رہیں








