گجرات کے گاندھی نگر میں مانسا کی مجسٹریٹ عدالت نے دی وائر کے تفتیشی صحافی روی نائر کو مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے ایک سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ وہیں اترپردیش پولیس نے مدھیہ پردیش کے اجین ضلع سے ایک صحافی کو مبینہ طور پر فیس بک پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی "قابل اعتراض” اور "اشتعال انگیز” تصویر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
یہ کیس اڈانی گروپ کی فلیگ شپ کمپنی، اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ (AEL) کی طرف سے دائر کی گئی شکایت کے بعد ہوا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ روی نائر نے جھوٹے اور ہتک آمیز بیانات پر مشتمل ٹویٹس کا ایک سلسلہ شائع اور پھیلایا جس کا مقصد AEL اور اڈانی گروپ کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
دوسری طرف مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی ہنومان گنج منڈل یونٹ کے جنرل سکریٹری امریش کمار پانڈے کی شکایت کے بعد سٹی پولیس اسٹیشن میں پیر کو یہ کیس درج کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق، ملزم، جس کی شناخت پون تیواری کے طور پر کی گئی ہے، پر بھارتیہ نیا سنہتا کی دفعہ 196(1)(b) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو مذہب، نسل یا جائے پیدائش جیسی بنیادوں پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے سے متعلق ہے۔
پولیس نے کہا کہ اتوار کو اپ لوڈ کی گئی پوسٹ میں وزیر اعلیٰ کی ایک "قابل اعتراض” تصویر کے ساتھ "متنازعہ سرخی” بھی شامل تھی۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ اس مواد کا مقصد سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنا، ایک مخصوص کمیونٹی کو اکسانا اور بد نظمی پیدا کرنا تھا۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کشتیج ترپاٹھی نے تصدیق کی کہ 35 سالہ تیواری کو پیر کو گرفتار کیا گیا اور بعد میں جیل بھیج دیا گیا۔







