علی گڑھ: (سالم فاروق ندوی) ادارۂ تحقیق و تصنیفِ اسلامی کے کانفرنس ہال میں ایک پر وقار تقریب کے دوران ماسٹر زریاب احمد فلاحی کی کتاب ’قرآن مجید، مستشرقین اور مسلم فضلاء‘ کا رسمِ اجرا عمل میں آیا۔ یہ کتاب تین معروف اسلامی شخصیات؛ ڈاکٹر محمد مصطفی الاعظمی، ڈاکٹر محمد مہر علی، اور پروفیسر عبد الرحیم قدوائی کے اہم مضامین کے تجزیے اور خلاصے پر مشتمل ہے، جو قرآن مجید کی تفہیم اور مستشرقین کے افکار کے تناظر میں مسلم علماء کی علمی خدمات کو نمایاں کرتی ہے.تقریب میں مہمانِ خصوصی پروفیسر عبد الرحیم قدوائی (اعزازی ڈائریکٹر، خلیق احمد نظامی قرآنک سینٹر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کتاب ایک علمی تشنگی کو پر کرتی ہے، جس میں مستشرقین کے قرآن پر اعتراضات اور ان کے جوابات کے حوالے سے مسلم اسکالرز کی گراں قدر کوششیں بیان کی گئی ہیں۔ اس کتاب کے ذریعے قارئین کو نہ صرف مستشرقین کے اعتراضات کا فہم حاصل ہوگا بلکہ اسلامی دانشوروں کی تحقیقی مہارت اور علمی بصیرت کا بھی اندازہ ہوگا۔”صدرِ مجلس پروفیسر عبد الحمید فاضلی (صدر شعبۂ اسلامک اسٹڈیز، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے کتاب کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ "یہ کتاب مسلم فضلاء کی علمی کاوشوں کا ایک نادر مجموعہ ہے، جو کہ تحقیق اور تنقید کے میدان میں طلبہ اور اسکالرز کے لیے ایک قیمتی خزانہ ثابت ہوگی۔” انہوں نے مزید کہا کہ "کتاب نے مستشرقین کے تنقیدی زاویے اور ان کے نظریات کا نہایت عمدگی سے تجزیہ پیش کیا ہے۔”
سکریٹری ادارہ مولانا اشہد جمال ندوی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کتاب ان افراد کے لیے خاص طور پر مفید ہے جو اسلامی علوم میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور مستشرقین کے نظریات کے علمی جائزے کے خواہاں ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ تحقیق و تصنیف اسلامی کی یہ کوشش علمی خدمات کے فروغ کی ایک اہم کڑی ہے۔کتاب کے مصنف ماسٹر زریاب احمد فلاحی نے اس کتاب کی تصنیف کے دوران پیش آنے والے تجربات اور علمی رہنمائی کے حوالے سے گفتگو کی اور کہا کہ "میری کوشش رہی ہے کہ ایک ایسے موضوع کو آسان زبان میں بیان کیا جائے جو عام قارئین کے لیے بھی قابل فہم ہو۔”تقریب کے ناظم مولانا محمد صادر ندوی نے کتاب کی علمی اور تحقیقی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 360 صفحات پر مشتمل یہ کتاب اسلامی اور مستشرقانہ مطالعات کے درمیان ایک طویل خندق کو سر کرتی ہے، جو علم دوست حلقوں کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوگی۔