ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند اورمرکز جماعت تبلیغ بنگلہ والی مسجد کے مفتی یعقوب کا خصوصی خطاب
نئی دہلی، ۲۹ مارچ (پریس ریلیز): جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر میں واقع مسجد عبدالنبی میں تکمیلقرآن کی ایک بابرکت اور روح پرور مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مجلس رمضان المبارک کے آخری عشرے کی بابرکت ساعتوں میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت معروف عالم دین اور اخبار الجمعیۃ کے ایڈیٹر مولانا سالم جامعی نے کی۔ اس موقع پر دہلی کے معزز علما، حفاظ، مشاہیر اور جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس مجلس میں مرکز جماعت تبلیغ، بنگلہ والی مسجد کے اہم ذمہ داران بھی شریک ہوئے، جن کا استقبال ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے کیا۔ نظامت کے فرائض مولانا غیور احمد قاسمی، سینئر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند نے انجام دیے۔ حافظ محمود بن مولانا حکیم الدین قاسمی اور حافظ ابوبکر بن مولانا حکیم الدین قاسمی، جو کہ متعلم مدرسہ یاسینیہ سراج العلوم کھڈا مظفر نگر ہیں، نے تراویح میں قرآن کریم مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی، جبکہ سامع کے فرائض مولانا کلیم الدین قاسمی، مولانا رفاقت اور حافظ مبارک نے انجام دیے۔
ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خصوصی خطاب میں قرآن کریم کی عظمت، اس کی برکات اور مسلمانوں کی عملی زندگی میں اس کے نفاذ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قرآن کریم محض تلاوت کے لیے نہیں بلکہ اس کی تعلیمات پر عمل کرنا ہی کامیاب زندگی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت میں جمعیۃ علماء ہند کی جدوجہد اور اس کی ایک صدی پر محیط قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
مرکز جماعت تبلیغ، نظام الدین کے معتمد مولانا مفتی یعقوب سلونی نے علمائے کرام کی ذمہ داریوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علما کو چاہیے کہ وہ مساجد میں وقت گزاریں اور عوام کو قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے اور اس پر عمل کیے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے سورۃ الواقعہ میں "اصحاب الیمین” پر اللہ کی نعمتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بیان کیا کہ "فی سدر مخضود” کا مفہوم یہ ہے کہ جنت میں بیری کے درخت سے تمام کانٹے دور کر دیے جائیں گے۔
مرکز جماعت تبلیغ بنگلہ والی مسجد کے معتمد رکن بابا سیف اللہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، انھوں نے دین کی خدمت اور دعوت پر خاص طور پر روشنی ڈالی۔ دعا مولانا مفتی یعقوب سلونی نے کرائی، جس میں عالم اسلام کی بھلائی، امت مسلمہ کی اصلاح، وطن عزیز کی ترقی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس مجلس میں مولانا عظیم اللہ قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کی موجودہ دینی و سماجی خدمات پر روشنی ڈالی۔
اس بابرکت محفل میں جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے کئی معزز علما و کارکنان شریک ہوئے، جن میں مولانا داود امینی (صدر دینی تعلیمی بورڈ، جمعیۃ علماء صوبہ دہلی)، قاری عبدالسمیع (جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ، جمعیۃ علماء صوبہ دہلی)، مولانا قاسم نوری (صدر جمعیۃ علماء نئی دہلی)، خادم الحجاج اسعد میاں، ایڈوکیٹ طیب خاں، ایڈوکیٹ سلیم ملک، ایڈوکیٹ عبدالغفار، مولانا ضیاء اللہ قاسمی، قاری ہارون اسعدی، حاجی رئیس، حاجی بابو، داؤد بھائی شیووہار، اسلام الدین نبی کریم اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔
جمعیۃ علماء ہند کے دفتر کے جملہ احباب، بشمول مولانا نجیب اللہ قاسمی (ناظم دفتر جمعیۃ علماء ہند)، ڈاکٹر عبدالملک رسول پوری، مولانا عرفان قاسمی، مفتی ذاکر حسین قاسمی، مفسر قرآن مولانا محمد یاسین جہازی، مولانا جمال قاسمی بارہ بنکی، محاسب عادل نصیر، حاجی محمد مبشر، جناب حاجی محمد عارف، مولانا وحید الزماں بھی موجود رہے۔مولانا ندیم قاسمی اور حافظ محمود نے نعت رسول ﷺ پیش کی، جس سے ماحول مزید پرکیف ہوگیا۔