بنگلہ دیش میں اقلیتی ہندوؤں پر بڑھتے ہوئےمبینہ مظالم کے درمیان ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سینئر جوائنٹ جنرل سیکرٹری روح الکبیر رضوی نے ڈھاکہ میں اپنی اہلیہ کی بھارتی ساڑھی جلا کر بھارت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرے کے دوران رضوی نے اپنے کارکنوں سمیت ہر کسی سے بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔ بی این پی رہنما رضوی نے حال ہی میں تریپورہ کے دارالحکومت میں واقع بنگلہ دیش کے اسسٹنٹ ہائی کمیشن میں مبینہ توڑ پھوڑ اور بنگلہ دیشی پرچم کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے بھارت کے خلاف یہ احتجاج کیا ہے۔نیوز پورٹل آج تک نے میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایاکہ احتجاج کے دوران رضوی نے اپنی اہلیہ کی بھارتی ساڑھی کو سرعام جلا دیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ بھارت سے آنے والی چیزیں نہ خریدیں۔ رضوی نے کہا کہ ہم ان لوگوں کا کوئی سامان نہیں لیں گے جنہوں نے ہمارا قومی پرچم پھاڑ دیا ہے۔ رضوی نے کہا کہ ہماری مائیں اور بہنیں اب ہندوستانی ساڑھیاں نہیں پہنیں گی۔ نہ ہی وہ ہندوستانی صابن یا ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں گی۔ رضوی نے مزید کہا کہ مرچ اور پپیتا بھی ہم خود اگائیں گے۔ ہمیں ان کے سامان کی ضرورت نہیں ہے۔ احتجاج کے دوران رضوی نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان نے بنگلہ دیش کی خودمختاری کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے۔
••بنگلہ دیش خود کفیل ہے – رضوی
رضوی نے کہا کہ بنگلہ دیش خود کفیل ہے۔ ہمارا ملک ہماری ضرورت کے مطابق پیدا کر سکتا ہے۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مصنوعات کو سپورٹ کرنے کے بجائے ہمیں اپنی معیشت میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔