نوح ؍ میوات:
اتوار 16 مئی کو نوح (میوات) کے کھیڑا خلیل پور گاؤں میں رہنے والے جم ٹرینر آصف خاں کا قتل کردیاگیا ، 27 سالہ آصف کی طبیعت دس دن سے خراب تھی۔ جب انہوں نے اپنا چیک اپ کرایا تو معلوم ہواکہ انہیں ٹائیفائیڈ ہے۔ اتوار کو آصف اپنے تاؤ کےبیٹے 31 سالہ راشد کے ساتھ دوا خریدنے سونا گیا تھا، لیکن وہ زندہ نہیں لوٹ سکا۔
نیوز لانڈری کی رپورٹ کے مطابق آصف کے والد ذاکر حسین نے بتایا کہ اس دن دوا لے کر لوٹتے وقت پانچ سے چھ گاڑیاں آصف کی گاڑی کا پیچھا کرنے لگیں ۔ ان گاڑیوں میں 30 سے 40 لوگ سوار تھے۔جاکھوپور گاؤں کے پاس ریلوے کراسنگ پڑتی ہے ، وہیں چار گاڑیوں نے آصف کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ آصف اور راشد نیچے گر گئے۔ راشد کسی طرح اپنی جان بچاکر بھاگ نکلا ،یہ لوگ آصف کا اغوا کرکے نگلی گاؤں کے پاس لے گئے۔ ان لوگوں کے پاس بندوق ،کٹا اور لاٹھی تھیں۔ ان غنڈوں نے آصف کو بے رحمی سے مارا ، اس کی ایک آنکھ پھوڑ ڈالی۔ جسم کی ہڈیاں بھی توڑ دیں۔ آصف کے سینے میں سریا گھونپ کر اس کے ہاتھ اور پیر میں گولی مار دی۔
راشد نے اہل خانہ کو فون پر بتایا تھا کہ آصف اغوا کر لیا گیا ہے اور اسے غنڈے اٹھا کر لے گئے ہیں۔ کھیڑا خلیل پور میں گوجر اور مسلمان فرقے کی ملی جولی آبادی ہے۔
ذاکر حسین نے بتایاکہ’’تمام ملزمین بی جے پی اور آر ایس ایس سے وابستہ ہیں۔ کئی بار گاؤں میں مذہبی جھگڑے کو بھڑکانے میں ان کا ہاتھ رہتا ہے۔ ان لوگوں نے گاؤں میں دہشت پھیلارکھی ہے۔ یہ تمام لوگ شاہراہ پر لوگوں کو لوٹتے ہیں۔ ہوٹل اور دکانداروں سے ہفتے وصول کرتے ہیں۔ گاؤں میں چھوٹی سی بات پر بھی اسے ہندو- مسلمان کا جھگڑا بنا دیتے ہیں، اس طرح کا معاملہ ہمارے گاؤں میں پہلی بار ہوا ہے۔ ہمیں اس کا کوئی اندازہ نہیں تھا‘‘
17 مئی کودائر آصف قتل کی ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے سی آر پی سی کی دفعہ 154 اور آرمس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا ہے ۔ آصف کے پریوار نے 14 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے جو تمام ان کے گاؤں کھیڑ ا خلیل پور کے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے گاؤں کے باہر سے بلائے 15-20دیگر ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے ۔ یہ تمام ایک دوسرے کے رشتہ دار ہیں۔ معاملے کے اہم ملزم پٹواری اور اڈوانی بھائی ہے۔ وہیں مہندر اور انوپ باپ بیٹے ہیں۔