ایودھیا :
اترپردیش کے ایودھیا میں بی جے پی ایم ایل اے اندر پرتاپ تیواری عرف کھبو اور وکاس سنگھ دیوگڑھ کے خلاف خبر لکھنے پر بھارت کنک اخبار کے بیورو چیف اور جن سندیش ٹائمس کے سٹی رپورٹر پاٹیشوری سنگھ پر جان لیوا حملہ کیا گیا ہے ۔
نیوز لانڈری کے مطابق اس حملے میں صحافی بری طرح زخمی ہوگئے ہیں، جس کے بعد انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ صحافی نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا ، ’جب وہ گھر جارہے تھےتبھی راستے میں کالی سفاری گاڑی نے مجھے ٹکر مار دی، جیسے ہی میں موٹر سائیکل سے نیچے گرا تقریباً چار – پانچ لوگوں نے مجھ پر حملہ کردیا۔
صحافی نے بتایا کہ لڑائی کے دوران ، ان لوگوں نے کہا ، ’اب نکالواندر پرتاپ تیواری عرف کھبو اور وکاس سنگھ دیو گڑھ کے خلاف خبر، آج ہم تمہیں زندہ نہیں چھوڑیں گے، تبھی آس پاس کے کچھ لوگ آئے تو وہ لوگ بھاگ گئے۔‘
اس واقعہ پر ایودھیا کے ایس پی وجے پال سنگھ نے کہا ، ’صحافی کے ساتھ مار پیٹ معاملے میں ہم نے کیس درج کر لیا ہے ۔ ابھی صحافی کا علاج چل رہاہے ، گاڑی اور ملزمین کی تلاش جاری ہے ، لوگوں سے پوچھ گچھ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر پولیس جانچ کر رہی ہے ۔ ‘
پاٹیشوری سنگھ نے کہا ، ’ان لوگوں کےاخبارمیں خبر شائع ہوئی تھی ، جس میں ان لوگوں نے میرے خلاف فرضی کیس بھی درج کرایا ہے اور اب اسی کا بدلہ لینے کے لیے مجھ پر حملہ کیا گیا ہے ۔
صحافی نے مطالبہ کیا ہے کہ قصور وار بی جے پی لیڈروں کے خلاف پولیس اور انتظامیہ سخت سے سخت کارروائی کرے ۔