تہران – ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے منگل کے روز ایران کے مختلف علاقوں سے آئی خواتین سے ملاقات میں کہا کہ امریکہ، صیہونی حکومت اور ان کے بعض اتحادیوں کا یہ خیال کہ مزاحمت ختم ہو جائے گی سراسر غلط ہے، جو مٹے گا وہ اسرائیل ہے۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ایک تقریب میں خطاب کے دوران شام میں صیہونی حکومت کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت اس خیال خام میں ہے کہ وہ شام کے راستے حزب اللہ کو گھیرنے کی تیاری کر رہی ہے، لیکن جس کا قلع قمع کیا جائے گا وہ اسرائیل ہے۔
انہوں نے نے مزاحمتی فرنٹ کے کمزور ہونے کے دشمنوں کے پروپگنڈوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، صیہونی حکومت اور ان کے بعض اتحادیوں کا یہ خیال کہ مزاحمت ختم ہو جائے گی سراسر غلط ہے۔انہوں نے کہا: :حسن نصر اللہ اور سنوار کا جسد خاکی چلا گیا، لیکن ان کے خیالات باقی ہیں اور ان کا راستہ جاری ہے۔ غزہ پر آئے دن حملے ہو رہے ہیں اور لوگ شہید ہو رہے ہیں۔ پھر بھی غزہ کے لوگ سر اٹھائے کھڑے ہيں اور استقامت کر رہے ہيں۔ لبنان میں استقامت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجی تعلقات کے حساب سے مرد و خواتین کے لئے کچھ پابندیاں ہيں۔ یہ وہ خصوصیات ہيں جن پر اسلام نے توجہ دی ہے۔ آج مغرب میں جو بے بند و باری ہے وہ بھی ہمیشہ سے نہيں تھی، بلکہ یہ نئی صورت حال ہے، شاید دو یا تین صدی سے یہ سب ہے ورنہ ہم جب ہم اٹھارہویں صدی یا انیسویں صدی کے ناول اور کتابیں پڑھتے ہيں تو ہمیں نظر آتا ہے کہ ان میں بہت سے ایسے تحفظات تھے خواتین کے بارے میں جن کا آج مغرب میں نام و نشان نہيں ہے۔ اسلام نے ان تحفظات پر توجہ دی ہے، حجاب ، عفت، نظر، یہ سب وہ چیزيں ہيں جن پر اسلام نے توجہ دی ہے۔