نئی دہلی:بی جے پی نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی ایک اور فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں 29 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔
رمیش بدھوری کے بعد ایک اور متنازع بیانات کے لیے سرخیوں میں رہنے والے عام آدمی پارٹی سے بی جے پی میں شامل کپل مشرا کو کراول نگر سے میدان میں اتارا گیا ہے، جبکہ ہریش کھورانہ کو موتی نگر اور پرینکا گوتم کو کونڈلی اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
اس فہرست میں پانچ خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی دوسری فہرست میں شامل کپل مشرا نے 2019 میں عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ یہاں سے پارٹی نے موجودہ ایم ایل اے موہن سنگھ بشت کا ٹکٹ منسوخ کرکے کپل مشرا کو میدان میں اتارا ہے جو اس سے قبل عام آدمی پارٹی کی جانب سے اسی سیٹ سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔
پرینکا گوتم نے گزشتہ سال اپنے کئی حامیوں کے ساتھ عام آدمی پارٹی سے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی، اور وہ کونسلر رہ چکی ہیں۔ کستوربا نگر سیٹ سے الیکشن لڑنے والے نیرج بسویا کانگریس پارٹی کے ایم ایل اے بھی رہ چکے ہیں۔