نئی دہلی :(ایجنسی)
تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے میئر اور بی جے پی لیڈران ایک خاص کمیونٹی کے علاقوں میں بلڈوزر چلانے کے لیے افسران پر مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں۔ یہی نہیں بلڈوزر چلانے کے لیے تینوں میئر کالونیوں کے نام بھی افسران کو بتا رہے ہیں۔ دوسری جانب جہانگیرپوری میں بلڈوزر چلانے کے معاملے میں نشانے پر آنے کے بعد اہلکار اپنے قدم پھونک پھونک کر رکھ رہے ہیں ۔
امر اجالا کی رپورٹ کا کہنا ہےانہوں نے بلڈوزر چلانے میں دلچسپی لینے کی بجائے عوام سے خود ہی تجاوزات ہٹانے کی اپیلیں شروع کر دی ہیں۔ تاہم، تین میونسپل کارپوریشنوں نے پیر کو کچھ علاقوں سے تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن اور جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر اپنے اپنے علاقوں میں بلڈوزر چلانے کے لیے زیادہ بے چین ہوچکے ہیں۔ وہ تین دن سے بلڈوزر چلانے کے لیے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کرنے کے علاوہ وہ عوامی بیانات دے رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ عرصہ قبل تک تمام پارٹیوں کے رہنما تجاوزات ہٹانے اور توڑ پھوڑ کی مخالفت کرتے تھے۔ اس معاملے میں وہ ایوان اور تمام کمیٹیوں کے اجلاس میں اس طرح کی کارروائی کرنے پر افسران کی کھنچائی کرتے تھے۔
میئر کے دباؤ کو دیکھتے ہوئے مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن نے کئی علاقوں میں لوگوں سے خود تجاوزات ہٹانے کی اپیل کی ہے۔ اس دوران انہوں نے عوام کو متنبہ بھی کیا کہ اگر انہوں نے اپنے طرف سے تجاوزات کو نہ ہٹایا تو انہیں بلڈوزرچلانا پڑے گا۔ مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلم پور، مصطفیٰ آباد، سیما پوری، گیتا کالونی، کرشنا نگر، پٹپڑ گنج، نند نگری، کھوریجی، لکشمی نگر، منڈاولی، جگت پوری، کراول نگر وغیرہ علاقوں میں تجاوزات ہٹا نے کی اپیل کی ہے ۔
دوسری طرف جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر مکیش سورین سنگم وہار، اوکھلا، مدنگیر، مادی پور، ڈابڑی، شاہین باغ، بٹلہ ہاؤس، جامعہ نگر، امبیڈکر نگر، مہرولی وغیرہ مقامات پر تجاوزات کے خلاف مہم پر زور دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ بھی کی ہے۔ انہوں نے پیر سے علاقے میں بلڈوزر چلانے کی ہدایات دی ہیں۔
شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن صدر بازار، چاندنی چوک، روہنی وغیرہ جیسے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کا آج سے امکان ہے۔ میونسپل حکام کے مطابق وہ تجاوزات کے خلاف باقاعدگی سے مہم چلاتے ہیں۔ علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد وہ تجاوزات ہٹاتے ہیں۔
اس کے علاوہ عدالت کی ہدایت پر تجاوزات کو ہٹایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں آنے والے دنوں میں کئی علاقوں سے تجاوزات ہٹانے کے لیے پولیس فورس طلب کی گئی ہے۔ پولیس فورس حاصل کرنے پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کریں گے۔