نئی دہلی: جیسے جیسے دہلی میں دن ڈھل رہا ہے، ووٹر پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ رہے ہیں۔ سہ پہر 3 بجے تک 70 اسمبلی سیٹوں پر 46.55 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ شمال مشرقی ضلع کی نشستوں پر رائے دہندگان سب سے زیادہ پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ مسلم اکثریتی مصطفی آباد اسمبلی سیٹ پر اب تک سب سے زیادہ 56.12 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ سیلم پور میں 54.29 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
دہلی میں 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس بار دہلی میں کس کی بنے گی حکومت؟ یہ تو 8 فروری کو پتہ چلے گا، جب ووٹوں کی گنتی ہوگی، لیکن ووٹنگ کا فیصد بہت کچھ بتا رہا ہے۔ دہلی کے کئی علاقوں میں ووٹنگ کا فیصد بہت زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی نئی دہلی جیسے علاقوں میں ووٹنگ کا زیادہ فیصد ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
دہلی میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے تمام 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ جبکہ نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔ دہلی میں 1 کروڑ 55 لاکھ ووٹر ہیں۔ ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 83.49 لاکھ اور خواتین ووٹرز کی تعداد 71.74 لاکھ ہے۔ اس کے علاوہ 1,261 تیسری جنس کے ووٹر بھی ہیں۔ نوجوان ووٹروں کی تعداد 25.89 لاکھ ہے، جب کہ 2.08 لاکھ پہلی بار ووٹ دینے والے ہیں۔