ریاض : نیوز چینل ’’ WION ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی اس ماہ کے وسط میں 22 اپریل کو سعودی عرب کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس دورے کے دوران مودی کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کا امکان ہے۔
یاد رہے ہندوستانی وزیر اعظم نے 2016 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت مودی نے سعودی شاہ سلمان سے شاہ عبدالعزیز کا سکارف وصول کیا تھا۔ یہ سعودی عرب کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ہے۔ انہوں نے ملاقاتوں اور بات چیت کے آغاز سے پہلے اسے اپنے سینے پر لٹکایا تھا۔ ان کا یہ دورہ پانچ معاہدوں پر دستخط کے ساتھ ختم ہوا تھا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جو کچھ نشر کیا گیا تھا اس کے مطابق دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ سے متعلق انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کے معاہدے شامل تھے۔ دونوں ملکوں کے درمیان نجی شعبہ میں سرمایہ کاری کی حمایت بھی کی گئی تھی۔ ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ سعودی عرب ہندوستان کے سب سے اہم پارٹنر کی نمائندگی کرتا ہے۔ ساتھ ہی وہ ایسا سب سے اہم پارٹنر ہے جو ہمیں توانائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بھارت اور سعودی عرب کا ویژن سکیورٹی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے میدان میں مشترکہ ہے۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی 2023 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ ولی عہد نے اس وقت کہا تھا کہ ان کے دورہ ہندوستان نے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ باہمی تعاون اور شراکت داری کو بڑھانے کی ان کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ایک مشترکہ بیان کے مطابق اس کے بعد دونوں فریقوں نے ایک باضابطہ بحث کا اجلاس منعقد کیا جس میں انہوں نے دونوں دوست ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کو گہرا کرنے کے فریم ورک کا جائزہ لیا۔ ان دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے تمام موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا تھا کہ سعودی عرب اور ہندوستان دنیا کی ایسی بڑی معیشتوں میں سے ہیں جنہوں نے مضبوط ترقی حاصل کی ہے۔
دورے کے بعد سعودی ولی عہد نے کہا تھا کہ ہندوستانی وزیر اعظم مودی کے ساتھ بات چیت نے دونوں ممالک کے درمیان ٹھوس تعلقات اور تمام شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کی اہمیت باور کرائی ہے۔