ممبئی :
ممبئی پولیس کے ڈی سی پی ابھیشک تریمکھ کے ذریعہ ارنب گوسوامی ، ان کی اہلیہ اور ری پبلک میڈیا گروپ کے خلاف دائر ہتک عزت کا مقدمہ عدالت نے مسترد کردیا ہے۔
لائیو لاء کی خبر کے مطابق سیشن جج ادے پدواڈ نے اس معاملے کو اس بنیاد پر خارج کردیا کہ یہ درخواست تریمکھ کے ذریعہ دائر کی گئی تھی نہ سرکاری وکیل کے ذریعہ، جیسا کہ قانوناً لازمی ہے۔
’ہندوستان‘ کی خبر کے مطابق ڈی سی پی نے وزارت داخلہ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد یہ عرضی دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ ’ہتک عزت کے یہ حملے ان کے سرکاری کردار کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے کیے گئے۔ اس طرح ممبئی پولیس ڈپارٹمنٹ کو بھی غلط طریقوں سے ناجائز طور پر بے عزت کیا گیا۔‘
ڈی سی پی ابھیشک تریمکھ نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ آنجہانی فلم اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے تعلق سے ایک ڈبیٹ کے دوران ، جس میں اداکارہ ریا چکرورتی کے فون کال ریکارڈ سے متعلق موضوع پر بحث کی گئی تھی۔ اس شو میں ارنب گوسوامی نے میرے خلاف توہین آمیز بیانات دیئے۔
ایسا نہ صرف اس لئے ان کے کام پر کیچڑ اچھالنے کے ارادے سے کیا گیا ،بلکہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی جانچ کے تناظر میں پوری طرح سے ممبئی پولیس کے طرز عمل پر شکوک وشبہات پیدا کیا گیا تھا۔