نئی دہلی :
سابق مرکزی وزیراور راشٹروادی کانگریس پارٹی (این سی پی ) کے قومی صدر شرد پوار سے ایک ہفتے میں دوسری بار انتخابی پالیسی ساز پرشانت کشور نے ملاقات کی ہے۔ شرد پوار سے پرشانت کشور نے ان کے دہلی واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات اپوزیشن پارٹیوں کی شرد پوار کے گھر پر ہونے والی میٹنگ سے پہلے ہوئی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کاایک قومی فورم منگل کو شرد پوار کی رہائش گاہ پر میٹنگ کرے گی۔ فورم کے ممبر کے طور پر ایک درجن سے زیادہ سیاسی پارٹیوں کے لیڈر شامل ہیں۔ فورم کی تشکیل یشونت سنہا ( اب ٹی ایم سی میں) اور شتروگھن سنہا نے کی تھی۔ اس دوران موجودہ معیشت اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال ہو سکتا ہے ۔
مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی جیت میں اہم رول ادا کرچکے پرشانت کشور کی گزشتہ دنوں ہی ممبئی میں این سی پی کے سپریمو شرد پوار سے ملاقات ہوئی تھی۔ پرشانت کشور (پی کے ) کی پوار کے ساتھ ہوئی میٹنگ کے بعد قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں کہ شاید پارٹی انہیں کوئی اہم ذمہ داری دے سکتی ہے، حالانکہ این سی پی نے اسے خارج کردیا تھا۔
این سی پی لیڈر نواب ملک نے صاف کردیا تھاکہ پرشانت کشور کواین سی پی میں کوئی بھی ذمہ داری نہیں دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ملک نے یہ بھی کہاتھا کہ بی جے پی کے خلاف ملک کی مختلف پارٹیاں متحد ہونےجارہی ہیں ۔ این سی پی بی جے پی کے خلاف ایک مضبوط مورچہ بنانے کی کوشش کررہی ہے اور مستقبل قریب میں ایسا کیاجائے گا۔
نواب ملک کے اس بیان سے واضح ہوگیا تھاکہ شرد پوار اب قومی سیاست میں اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، پرشانت کشور اس میں ان کی مدد کررہے ہیں ۔ پرشانت کشور ایک ہفتے کے اندر دو بار شرد پوار سے مل چکے ہیں ۔ دونوں کی پالیسی 2024 میں مودی کے ’وجے رتھ‘ کو روکنے کی ہوگی۔