بھوپال : (ایجنسی)
مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ضلع دھار کے گندھوانی میں ایک نابالغ لڑکی اور اس کے گھر والوںکے ہاتھ پیرباندھے گئے ساتھ ہی ان کے گلے میں گاڑی کا ٹائر بھی ڈالا گیا اور پورے گاؤں میںگھمایا گیا۔ کنڈی گاؤں کے اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ دن دہاڑے ہوئے اس واقعہ کی ویڈیو تو بن گئی ، لیکن مدد کے لیے کوئی سامنے نہیں آیا ۔
خبر کے مطابق یہ معاملہ قبائلی اکثریتی دھار ضلع کے گندھوانی کے کنڈی گاؤں کا ہے۔ الزامات کے مطابق ایک لڑکا لڑکی کو گاؤں سے بھاگا لے گیا تھا۔ جسے لڑکی کے گھر والوں نے نوجوان اور لڑکی دونوں کو ڈھونڈ نکالا تھا۔ اہل خانہ کو شک تھا کہ نابالغ لڑکی نے دونوں کو بھاگنے میں مدد کی ہے ۔ محض لڑکی بھاگنے کے شک میں گاؤں کے ہی دبنگوں نے اس پریوار کو جم کر پیٹا،ساتھ ہی نابالغ سمیت اس کے گھروالوں کے ہاتھ پیر باندھ کرگلے میں موٹر سائیکل کاٹائر ڈال کر گھنٹوں کھڑا رکھا گیا اورپورے گاؤں میں گھمایا ۔ یہ واقعہ کچھ دن پہلے کا بتایا جارہا ہے ۔واقعہ کی پوری ویڈیو سوشل میڈیا پر ہے۔
معلومات کے مطابق کنڈی گاؤں کے ایک نابالغ نے پولیس کو بتایا ہے کہ ’گاؤں کے انسنگھ نے مجھے اور میرے والد کو بلاکر کہا کہ تم نے میری لڑکی کو بھاگنے میں مدد کی ہے۔ بحث ہونے پر انسنگھ نے میرے ہاتھ پیر باندھ کر کمرے میں رات بھر بند رکھا اور ڈنڈوں سے پٹائی کی۔ ساتھ ہی رات بھر کھڑا رکھا اور اگلی صبح گلے میں ٹائر ڈال کر مجھے اورمیری بہن سمیت اہل خانہ کولاٹھی ڈنڈوں سے پیٹا اورگاؤں میں گھمایا گیا۔
اس پورے واقعے میں لڑکی اور اس کے اہل خانہ بری طرح سے زخمی ہوگئے ہیں۔ اب بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ، ضلع میں ہلچل مچ گئی ، جس کے بعد پولیس نے مستعدی دکھاتے ہوئے اس کیس میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تاہم ضلع میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جس نے انسانیت کو شرمندہ کیا ہو ، ماضی میں بھی دبنگوںکے ذریعہ لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ایسے ہی واقعات سرخیوں میں آئے ہیں۔