نئی دہلی:13 جنوری 2026
معروف اسکالر ،آئی اور ایس کے بانی اور آل انڈیا ملی کونسل کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر منظور عالم کے سانحہ ارتحال پر جمعیتہ علماء ہند اور جماعت اسلامی ہند نے نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے انتقال کو علمی و تحقیقی دنیا اور ملت کے لیے بڑاخسارہ قرار دیا
میڈیا کو جاری بیان میں جماعتِ اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے ڈاکٹر محمد منظور عالم کے انتقال کے سانحے کو مسلم امت اور اسلامی علمی دنیا کے لیے ایک بڑا فکری نقصان قرار دیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد منظور عالم ایک سنجیدہ عالم، دوراندیش ادارہ ساز اور ملت کے بے لوث خادم تھے۔ ان کی زندگی فکری دیانت داری، بلند اخلاقی ، دانشمندی اور ایمان و یقین سے عبارت تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم نے اپنی پوری زندگی فکر کی آبیاری ، اداروں اور افراد کی تشکیل میں صرف کی ۔ انہوں نے اپنی زندگی میں فوری ردِعمل کے بجائے ہمیشہ تحقیق، عقل و استدلال کو بنیاد بنایا۔ڈاکٹر منظور عالم کا ماننا تھا کہ قومیں محض جذبات یا احتجاج سے نہیں بلکہ مضبوط علمی تحقیق ، مستند اعداد و شمار اور معاشرے اور ریاست کے ساتھ ذمہ دارانہ تعامل کے ذریعے ترقی کرتی ہیں۔سید سعادت اللہ حسینی نے ہندوستان میں مسلم فکر کے لیے پائیدار علمی فضا قائم کرنے میں ڈاکٹر منظور عالم کے غیر معمولی کردار کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم انکساری، صبر اور خاموش استقامت کا پیکر تھے۔ بیماری کے ایام میں بھی وہ فکری طور پر بیدار اور اخلاقی طور پر سرگرم رہے۔ان کی ثابت قدمی، سنجیدگی اور علم و تحقیق سے گہری وابستگی نے انہیں نظریاتی اور جغرافیائی حدود سے ماورا احترام کا مستحق بنا دیا تھا۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی اور جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نےمشترکہ بیان میں ڈاکٹر منظور عالمؒ کے انتقال پر گہرے رنج والم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہا کہ ڈاکٹر منظور عالمؒ نے اپنی حیاتِ مستعار کو علم، تحقیق اور ادارہ سازی کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ انہوں نے اسلامی معاشیات کی ترویج و اشاعت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز (IOS) کے بانی تھے، جس کے ذریعے انہوں نے فکری رہنمائی فراہم کی اور سیکڑوں معیاری تحقیقی کتب و مجلات شائع کیے۔ اسی پلیٹ فارم کے ذریعے متعدد نوجوان قلم کاروں اور محققین کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور آگے بڑھنے کا موقع ملا۔ اس کے علاوہ آل انڈیا ملی کونسل کے پلیٹ فارم سے بھی ان کی سرگرمیاں قابلِ قدر ہیں۔
جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ان کے اہلِ خانہ اور تمام وابستگان سے دلی تعزیت کا اظہار ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی علمی و ملی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور در گزر کرکے جنت الفردوس میںجگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔










