نئی دہلی:اب یہ طے ہو گیا ہے کہ مہاراشٹر کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہو گا۔ نئے وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہایوتی اتحاد کی میٹنگ میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے شیوسینا کے سربراہ ایکناتھ شندے کو راضی کر لیا ہے اور اب ایکناتھ شندے نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا دعویٰ ترک کر دیا ہے۔ اس سب کے درمیان اب ذرائع کے حوالے سے خبر آرہی ہے کہ مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا دعویٰ ترک کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے مرکز میں ایکناتھ شندے کی پارٹی کو تین اہم وزارتیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایکناتھ شندے کو تین وزارتیں دی جائیں گی۔ایکناتھ شندے نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ ان کے جانشین کے نام پر مرکز جو بھی فیصلہ کرے گا وہ اسے قبول کریں گے۔ شندے نے واضح کیا ہے کہ وہ بی جے پی قیادت کے ہر فیصلے کی حمایت کریں گے اور اس عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر میں نئے وزیر اعلی کے نام پر فیصلہ کرنا آسان ہو گیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے اس میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایکناتھ شندے نے کہا، "میں نے کل پی ایم مودی اور امیت شاہ کو فون کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کا فیصلہ کریں۔ میں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ جو بھی فیصلہ لیں گے، میں اس پر عمل کروں گا۔” انہوں نے کہا، "ہماری شیوسینا مہاراشٹر کے اگلے وزیر اعلیٰ کو نامزد کرنے کے بی جے پی کے فیصلے کی مکمل حمایت کرے گی۔ ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔”