رامپور: (آر کے بیورو) رضا لائبریری کے لائبریرین اور انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر ابوسعد اصلاحی نے 30 سال کی خدمت کے بعد 31 دسمبر 2024 کو سبکدوش ہوگئے ۔ اس موقع پر ایک جذباتی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں رضا لائبریری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پشکر مشرا اور تمام عملہ نے پھولوں کے ہار پہنا کر اور تحائف دے کر ان کی عزت افزائی کی۔ ڈاکٹر ابوسعد اصلاحی نے رضا لائبریری کے شعبہ مخطوطات کے انچارج کی حیثیت سے اپنے دور میں کئی اہم خدمات انجام دیں۔ ان کی قیادت میں لائبریری نے بہت سی نئی جہتیں حاصل کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر پشکر مشرا نے کہا کہ ڈاکٹر اصلاحی نے رضا لائبریری کے لیے جو کام کیا ہے وہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ رہے گا۔ ہم ان کی شراکت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
اپنے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر اصلاحی نے کہا کہ رضا لائبریری کے ساتھ تین دہائیاں گزارنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ میرے اسٹاف اور ساتھیوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا جس کے لیے میں شکر گزار ہوں۔ ان کی گفتگو میں گہرے جذبات اور قربت کی جھلک تھی۔ یہ الوداعی تقریب ان کی زندگی کے ایک اہم باب کا اختتام تھی۔ اس پروگرام کے دوران رضا لائبریری کے ایک اور ملازم جناب رحمت میاں کو بھی ان کی خدمات کے اختتام پر گلہائے محبت پیش کئے گئے اس موقع پر تمام ملازمین نے مل کر کھانے کا لطف اٹھایا اور اپنے سینئر ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔