کانگریس پارٹی کے سینئر مرکزی لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ ریاست میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد غربت پیدا ہوگئی ہے جبکہ بے روزگاری اور مہنگائی نے بھی عام انسان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
دیوسر کولگام : کانگریس پارٹی کے سینئر مرکزی لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ ریاست میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد غربت پیدا ہوگئی ہے جبکہ بے روزگاری اور مہنگائی نے بھی عام انسان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ آزاد نے کہا کہ ریاست کا درجہ بحال کرنے کے ساتھ ساتھ ضمنی انتخابات عمل میں لائے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے حالیہ ہلاکتوں کو لے کر کہا کہ بے گناہوں کا قتل کرنے سے نہ صرف ملی ٹینسی میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے ملی ٹینسی کو فروغ ملے گا اور متاثرین میں ناراضگی بڑھتی جائے گی ۔ انہوں نے سیکورٹی فورسز، فوج اور پولیس کو احتیاط سے کام لینے کی اپیل کی۔
آزاد نے آج دیوسر کولگام میں کانگریس پارٹی کے جلسے سے خطاب کیا ۔ ان کے ہمراہ ممبر پارلیمنٹ وویک کرشنا تنخواہ ، محمد امین بٹ، پیرازادہ محمد سید، وقار رسول ، جی ایم سروری، عنایت اللہ راتھر، ریاض احمد سمیت کئی لیڈران موجود تھے ۔ اس موقع پر آزاد نے کہا کہ سیاسی اختلافات اور اقتدار کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیاسی پارٹیوں اور ورکروں کو کام کرنا چاہئے تاکہ ریاست میں امن قائم ہو۔
آزاد اور دیگر لیڈران نے بھی اپنی تقریر میں بحالی امن اور ریاست کو درجہ بحال کرنے و انتخابات عمل میں لانے کی بات کی۔ آزاد نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا قدم ہے اور اس سے ایک ریاست کا وجود خطرے میں آیا اور وہ یوٹی میں تبدیل کی گئی ۔