نئی دہلی:
عام آدمی پارٹی کے دبنگ سینئر لیڈر اور اوکھلا حلقہ سے ممبر اسمبلی امانت اللہ خاں نے دہلی پولیس سے مانگ کی ہے کہ گستاخ رسولؐ نرسنگھ آنند سرسوتی کو فوری گرفتار کرکے جیل رسید کرے کیونکہ وہ صرف گستاخ رسولؐ ہی نہیں بلکہ انسانیت کا دشمن بھی ہے۔ واضح رہے امانت اللہ خاں نے 3اپریل کو جامعہ نگر تھانے میں اہانت رسولؐ کے مرتکب سرسوتی کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ اس کے ردعمل میں دوسرے ہی دن ان کے ایک ٹوئٹ پر بی جے پی لیڈر اور متنازع بیانات کے لئے معروف کپل مشرا نے امانت اللہ کے خلاف صاحب آباد تھانے میں مقدمہ کیا۔’روزنامہ خبریں‘ سے گفتگو کرتے ہوئے امانت اللہ نے کہا کہ وہ جمہوری وآئینی اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔ بڑا افسوس ہے کہ دہلی پولیس نے تاحال سرسوتی کے خلاف کوئی کارروائی نہیںکی، جبکہ وہ شخص اور اس کے فالوور لگاتار شان رسالتؐ میں گستاخیاں کر رہے ہیں جس کو صرف ہندوستان ہی نہیں پوری دنیا کے مسلمان برداشت نہیں کرسکتے۔ ایسالگتا ہے کہ سرکار درپردہ اس کی حمایت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے تعلق سے کسی کی دل آزاری کی اجازت ہندوستانی آئین نہیں دیتا۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر کوئی اور ایسا کرتا تو کیا سرکار خاموش رہتی۔ انہوں نے اس معاملہ میں ایک مزاحیہ اداکار کاحوالہ دیا جس کو ایک شکایت پر بے قصور جیل میں ڈال دیاگیا اور پھر عدالت سے اسے ضمانت ملی۔ انہوں نے کہاکہ میرے اوپر دبائو بنانے کے لئے میرے خلاف ایف آئی آر کردی گئی۔ انہوں نے ایک ویڈیو میںسرکار کو وارننگ دی کہ مسلمانوں کو سڑکوں پر اترنے کے لئے مجبور نہ کیاجائے۔