دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹیاں اپنے امیدوار اتارنے میں مصروف ہیں۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) دہلی فسادات کی ملزم اور سابق کونسلر عشرت جہاں کو کراول سیٹ سے کپل مشرا کے خلاف میدان میں اتارنے کی تیاری کر رہی ہے ۔
کانگریس کی سابق کونسلر عشرت جہاں کو میدان میں اتارنے کے بارے میں اے آئی ایم آئی ایم کے ریاستی صدر شعیب جامعی نے کہا کہ کراول نگر میں مسلمانوں کی آبادی 30 فیصد کے قریب ہے۔ عشرت جہاں کو وہاں سے ٹکٹ ملنا مصیبت زدہ مسلمانوں کے زخموں پر مرہم کا کام کرے گا۔ جامعی نے بی جے پی لیڈر کپل مشرا کو ٹکٹ دینے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹکٹ دے کر مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جامعی نے دعویٰ کیا کہ کراول نگر سیٹ پر ہماری تنظیم کافی مضبوط پوزیشن میں ہے۔ ہم لوگوں کو ایک بہتر آپشن دینا چاہتے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم لیڈر نے کانگریس سے بھی حمایت مانگی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ کانگریس کو اوکھلا اور مصطفی آباد میں ہماری حمایت کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ پچھلی بار وہ وہاں کمزور تھی، لیکن ہم مضبوط دعویدار ہیں۔قابل ذکر ہے کہ عشرت جہاں کانگریس کے سابق راجیہ سبھا ایم پی پرویز ہاشمی کی بہو ہیں اور وہ کانگریس کے ٹکٹ پر کونسلر بھی رہ چکی ہیں۔ لیکن، ان سب کے علاوہ، عشرت جہاں وہ خاتون ہیں جو دہلی کے فسادات اور سی اے اے مخالف تحریک کا ایک نمایاں چہرہ تھیں۔ تاہم، اب اے آئی ایم آئی ایم عشرت جہاں اکو کپل مشرا کےقابلہ کراول نگر سیٹ سے میدان میں اتارنے کی بات کر رہی ہے۔ (پانچجنیہ کے ان پٹ کے ساتھ )