بیروت کے مضافات میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حزب اللہ کی رضوان فورس کے کمانڈر ابراہیم عقیل جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی ایف 35 جنگی طیارے نے بیروت کے جنوبی مضافات میں ہونے والے حملے میں حصہ لیا۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق حملے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ 59 افراد زخمی ہیں۔
اس سے قبل لبنان کے المنار ٹی وی نے ایک خبر میں بتایا ہے کہ بیروت کے جنوبی علاقے الضاحیہ علاقے پر اسرائیلی حملے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
رائٹرز سے براہ راست نشریات نے بیروت پر دھوئیں کے ایک گھنے بادل کو اٹھتے ہوئے دکھایا جب رہائشیوں نے کہا کہ انہوں نے زوردار دھماکے کی آواز سنی۔ اس دوران ایمبولینسیں حملے کی جگہ پر پہنچ گئیں۔دونوں سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ "اسرائیلی حملے نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں حزب اللہ کی اہم تنصیبات کے قریب ایک علاقے کو نشانہ بنایا”۔
اسرائیل ڈیفنس فورس کے ترجمان ڈینیئل ہیگری کا کہنا ہے کہ بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر ابراہیم عقیل مارے گئے ہیں۔ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان یونٹ کے دیگر ارکان بھی اس حملے میں مارے گئے۔