پولیس انتظامیہ سڑک پر نماز پڑھنے پر سخت رویہ اپنائے گی۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔مقدمہ درج ہونے کے بعد پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کیا جا سکتا ہے.
بریلی: جمعتہ الوداع اور نماز عید کے حوالہ سے حسب سابق یوپی انتظامیہ کا فرمان آگیا ہے ـسرکار نے کہا ہے کہ یہ نمازیں سڑکوں پر نہیں ہوں گی اور نہ ہی چھتوں پر نماز ادا کی جائیں گی۔ لاؤڈ سپیکر کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر بھی عمل کیا جائے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بدھ کو صدر کوتوالی میں ایڈیشنل ایس پی شریش چندر، ایس ڈی ایم ڈاکٹر وندنا مشرا اور سرکل آفیسر انوج چودھری کی قیادت میں امن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، جہاں تہواروں کو پرامن اور ہم آہنگی کے ساتھ منانے کی اپیل کی گئی۔ اسی طرح کی ہدایات یوپی کے دیگر اضلاع کے لیے بھی جاری کی گئی ہیں۔
اے ایس پی شریش چندر نے کہا کہ کوتوالی سنبھل میں تمام مذاہب اور برادریوں کے لوگوں کے ساتھ امن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں واضح طور پر بتایا گیا کہ نماز صرف مسجدوں اور عیدگاہوں کے اندر ادا کی جائے گی نہ کہ باہر سڑکوں پر۔ بجلی اور پانی سے متعلق مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔ پولیس فورس کو تعینات کیا جائے گا اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ نمازیں چھتوں پر نہ ہوں۔ایس ڈی ایم ڈاکٹر وندنا مشرا نے کہا، "جن لوگوں نے امن کمیٹی کی میٹنگ کے دوران بجلی اور پانی سے متعلق مسائل اٹھائے تھے، متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے، لاؤڈ اسپیکر کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔”

واضح رہے کہ ہولی کے دوران، سنبھل کے سی او انوج چودھری نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہولی سال میں ایک بار آتی ہے، جبکہ جمعہ سال میں 52 بار ہوتا ہے۔ یہ بیان ملک بھر میں موضوع بحث بن گیاتھا
ایک اور بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھائی چارہ اس وقت کم ہوتا ہے جب ایک گجیا یا سوئیاں جیسی مٹھائی کھاتا ہے اور دوسرا نہیں کھاتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ عید پر سوئیاں پیش کرنا چاہتے ہیں تو آپ ہماری مٹھائی بھی قبول کریں۔
بہر حال امر اجالا کی رپورٹ ہے کہ پولیس انتظامیہ نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ اور عیدالفطر کی نماز کے حوالے سے سخت وارننگ جاری کی ہے۔ لکھنؤ-مرادآباد سے میرٹھ تک پولس انتظامیہ الرٹ ہو گئی ہے۔میرٹھ کے ایس پی سٹی آیوش وکرم سنگھ نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ سڑک پر نماز پڑھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس انتظامیہ سڑک پر نماز پڑھنے پر سخت رویہ اپنائے گی۔ ایس پی نے کہا کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔مقدمہ درج ہونے کے بعد پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ ایس پی سٹی آیوش وکرم سنگھ نے بتایا کہ پچھلی بار بھی سڑک پر نماز پڑھنے پر 200 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس بار بھی اگر کوئی سڑک پر نماز پڑھے گا تو مقدمہ درج کیا جائے گا۔ وہیں مسلم کمیونٹی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پابندی ہے تو سب پر لگائی جائے، صرف مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔