نئی دہلی:جیسے جیسے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس قریب آرہا ہے وقف ترمیمی بل پر مسلم پرسنل لا بورڈ کا موقف سخت ہوتا جارہا ہے ـ بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے دوٹوک لہجہ میں مرکز کو وارننگ دے دی کہ اگر اس معاملے میں جان دینے کی ضرورت پڑی تو ہم ہچکچائیں گے نہیں ـ نسبتا مصالحت پسند اور نرم رویے کے لیے مشہور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا رحمانی نے مجوزہ وقف (ترمیمی) بل کی سخت انداز میں مخالفت کی ، اور اسے مسلم کمیونٹی کے لیے "زندگی وموت کا معاملہ” قرار دیتے ہوئے "ہر قیمت پر” اس کی مزاحمت کرنے کا عہد کیا ہے۔
کانپور میں وقف سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے،مولانا رحمانی نے خبردار کیا کہ حکومت کے بل کا مقصد وقف بورڈ کے اختیارات کو کم کرنا ہے اور ممکنہ طور پر وقف گورننس میں غیر مسلموں کی شرکت کی اجازت دینا ہے، اس اقدام سے ان کا کہنا ہے کہ مذہبی مقامات اور کمیونٹی املاک کے تحفظ سے سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ملک کے مسلمان جیلیں بھر دیں گے… ہم اپنی جان دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ واضح رہے مرکزی حکومت کی طرف سے 28 جولائی کو پیش کیا گیا، وقف (ترمیمی) بل کو حزب اختلاف کی جماعتوں کے احتجاج کے بعد مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کو بھیجا گیا ہے۔ اس بل میں مرکزی وقف کونسل اور ریاستی بورڈز میں غیر مسلم اور مسلم خواتین کی تقرری، اور جائیدادوں کو "وقف جائیداد” کے طور پر نامزد کرنے کے وقف بورڈ کے اختیار کو کم کرنے جیسی تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔
مولانا رحمانی نے کہا کہ حکومت وقف املاک کو ضبط کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ تمل ناڈو اور آندھرا پردیش اکیلے مندر کی تقریباً 10 لاکھ ایکڑ اراضی کا انتظام کرتے ہیں، جب کہ ملک بھر میں مسلمانوں کے پاس تقریباً چھ لاکھ ایکڑ وقف اراضی ہے۔
انہوں نے کہا ’’ آخر اس میں مسئلہ کیا ہے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ قانون سازی آئینی حقوق اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مجروح کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وقف بورڈ کے ارکان پر دستاویزات کو نظر انداز کرنے اور عدالتی مقدمات میں ناکام ہونے کے لیے "دباؤ ڈال رہی ہے، جسے وہ جائیداد پر قبضے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک حربہ کے طور پر دیکھتے ہیں۔