حوثی گروپ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے دو فوجی کارروائیاں کی ہیں۔ پہلا حملے میں ہائیپرسونک بیلسٹک میزائل سے اسرائیل میں یافا کے علاقے کے مشرق میں پاور سٹیشن کو نشانہ بنایا ہے۔ گروپ کے ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ دوسری کارروائی ڈرون کے ذریعے کی گئی اور یافا میں ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری طرف اسرائیلی فوج نے اطلاع دی ہے کہ اس نے یمن سے داغے گئے ایک ڈرون کو مار گرایا ہے۔ اسرائیل نے اس سے چند گھنٹے قبل حوثیوں کی طرف سے القدس اور وسطی اسرائیل کو نشانہ بنانے والے میزائل کو روکنے کا بھی بتایا تھا۔ فوج نے مزید کہا کہ ڈرون کو اسرائیلی فضائی حدود سے گزرنے سے پہلے ہی روک دیا گیا۔ اس دوران سائرن بھی بجائے گئے۔
میڈیا نے یمن سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو روکنے کی کوششوں کے نتیجے میں یروشلم کے آس پاس میں زور دار دھماکوں کی اطلاع دی تھی۔ نامہ نگار نے بتایا میزائل کے کچھ حصے یروشلم کے قریب مودیعین کے علاقے میں گرے
کئی مہینوں سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی گروپ اس بات پر زور دے رہا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی تک اسرائیل کا مقابلہ جاری رکھے گا۔پچھلے ایک سال کے دوران حوثی گروپ نے اسرائیل کی طرف میزائل اور دھماکہ خیز ڈرون داغے ہیں لیکن ان حملوں سے اسرائیل میں کوئی خاص نقصان نہیں ہوا ہے۔ اسرائیلی طیاروں نے جواب میں یمن میں متعدد مقامات پر بمباری کی ہے اور کہا ہے کہ اس نے حوثیوں کے گوداموں پر حملے کیے ہیں۔یاد رہے 18 دسمبر 2024 کو درجنوں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کے متعدد ٹھکانوں کے ساتھ ساتھ بحیرہ احمر کے ساتھ حدیدہ کےعلاقے میں الصلیف اور راس عیسیٰ تیل کی بندرگاہوں پر 16 حملے کیے تھے۔