ممبئی :
ایسے وقت میں جب انڈین پریمیم لیگ کے 14 ویں سیزن کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ، ملک میں روزانہ کورونا انفیکشن کے معاملات بھی سوالا کھ عبور کرچکے ہیں، ایسے میں یہ سوال پوچھا جانے لگا ہے کہ آیا آخری لمحے میں آئی پی ایل 2021 منسوخ ہوجائے گا ، یا اسے ملتوی تونہیں کیا جائے گا ، یا اس میں کوئی بڑی تبدیلیاں تو نہیں ہوں گی۔
حالانکہ بی سی سی آئی نے گزشتہ دنوں ہی کہا تھا کہ آئی پی ایل 2021 وقت پر شروع ہوگا ، لیکن کئی فرنچائزز نے خدشہ ظاہر کیا ہے اور ایک بار پھر کرکٹ ریگولیٹری بورڈ پر سوال اٹھایا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر اپنے عروج پر ہے اور اسی دوران کرکٹ کی دنیا کا سب سے رنگین ٹورنامنٹ انڈین پریمیر لیگ یعنی آئی پی ایل 2021 کا شیڈول تیار ہے۔
آئی پی ایل جمعہ سے شروع ہوگا جس میں آٹھ ٹیمیں ملک بھر کے مختلف اسٹیڈیموں میں 60 میچ کھیلیںگی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 30 مئی کو کھیلا جائے گا۔
یہ میچ دہلی ، ممبئی ، بنگلور ، احمد آباد اور کولکاتا میں کھیلے جائیں گے۔ یہ وہ شہر ہیں جہاں پر کورونا انفیکشن کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
بھارت میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے 1 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ افراد کی اموات ہوچکی ہیں اورایک کروڑ 2 لاکھ سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اپریل میں روزانہ اوسطاً 90 ہزار نئے کیسز رپورٹ کیے جارہے ہیں۔ اس دوسری لہر کے اتنی تیزی بڑھنے کے پیچھے سب سے بڑی وجہ سخت قوانین میں دی گی نرمی کو مانا جارہا ہے۔
آئی پی ایل کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ آئی پی ایل کا 14 واں سیزن بغیر کسی پریشانی کے منعقد ہوگا۔
اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے ہی چار کھلاڑیوں اور ایک ٹیم کنسلٹنٹ کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا اور انہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
بنگلور ٹیم کے اوپنگ بلے باز دیودت پیڈیکل فی الحال اپنے دہلی واقع گھر میں کورونٹین ہیں۔ دہلی کیپٹل کے اسپنر بولر اکشر پٹیل اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے کھلاڑی نتیش رانا بھی کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سابق وکٹ کیپر اور ممبئی ٹیم کے کنسلٹینٹ کرن مورے بھی کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ’دی ہندو ‘کی رپورٹ کے مطابق ‘کرن کو بائیو ببل میں انفیکشن ہوا ہے اور یہ اس طرح کا پہلا واقعہ بتایا جارہا ہے۔ ‘
ٹائمز آف انڈیا نے ’آئی پی ایل پر منڈلاتے کووڈ کے کالے بادل ‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ شائع کی ہےاور کچھ انتہائی سنگین سوالات اٹھائے۔ مثالاً جب اسٹیڈیم میں شائقین کو آنے کی اجازت نہیں ہے تو میچ چھ چہروں میں کیو ں کھیلا جارہا ہے۔؟
کیوں گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی بورڈ نے متحدہ عرب امارات میں ٹورنامنٹ کا انعقاد نہیں کیا؟
اس کے علاوہ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں مزید 3 کورونا انفیکشن کے واقعات سامنے آئے ، جن میں سے دو گراؤنڈ مین ہیں اور ایک اسٹیڈیم کا ایک پلمبر بتایا جارہا ہے۔ بتادیں کہ اس سے قبل اسی اسٹیڈیم کے 10 گراؤنڈ مین متاثر ہوچکے ہیں۔ حالانکہ پیر کو ان کی کورونا رپورٹ منفی آئی جس کے بعداسٹیڈیم میں میچوں کے انعقاد کو ہری جھنڈی ملی۔ گراؤنڈ مین اور عملہ کے ممبران کے علاوہ ، کھلاڑی بھی انفیکشن پائےگئے ہیں۔