ایران نے ایک بار پھر اسرائیل کو اپنی سرزمین پر حملہ کرنے سے خبردار کیا ہے۔ ایرانی وزیر دفاع عزیز نصیر زادہ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل دوبارہ ایران پر حملہ کرتا ہے تو تہران جدید جنریشن کے میزائل استعمال کرے گا۔نصیر زادہ نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا کہ "وہ میزائل جو ایرانی فورسز نے 12 روزہ جنگ کے دوران استعمال کیے تھے، وزارت دفاع کی جانب سے کئی سال پہلے تیار کیے گئے تھے”۔
تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس آج "مزید جدید اور پچھلے نظاموں سے زیادہ طاقت ور میزائل موجود ہیں”۔انہوں نے زور دیا کہ "دشمن کی جانب سے کسی بھی نئی مہم کا سامنا ان میزائلوں کے استعمال سے کیا جائے گا، اس میں کوئی شک نہیں”۔اسرائیل نے 13 جون کو ایران پر حملہ کیا تھا جس کے بعد یہ تصادم 12 دن تک جاری رہا۔ اس دوران ایران میں فوجی، جوہری اور شہری تنصیبات کو تباہ کیا گیا۔اسرائیل نے ایران کے سینئر فوجی کمانڈروں اور جوہری سائنس دانوں کو بھی ہلاک کیا، جبکہ تہران نے اسرائیلی فوجی اور انٹیلی جنس مقامات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
امریکہ نے اس غیر معمولی تصادم میں 22 جون کو حصہ لیا اور ایران کی اہم جوہری تنصیبات پر حملہ کرنے کے بعد دعویٰ کیا کہ ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کر دیا گیا ہے۔تہران نے بدلے میں قطر میں موجود امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیا اور پھر 24 جون کو واشنگٹن نے اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔








