نئی دہلی:
’فلسطین کے ’یوم لینڈ‘ کے موقع پر نئی دہلی میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر پارلیمنٹ کے سی تیاگی نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے فلسطین کی آزادی کے حق میں رہا ہے۔ اس تقریب کا اہتمام مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے دہلی کے جامعہ نگر میں کیا تھا ، جس میں سابق ایم پی کے سی تیاگی ، سابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ ایم جے اکبر نے بطور مقرر شرکت کی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر پارلیمنٹ کے سی تیاگی نے کہا کہ فلسطینی برادری دنیا کی سب سےمظلوم قوم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم کی تین نسلوں نے خیموں میں پرورش پائی ہے اور بم بارود اوربندوق کے سائے میں بڑی ہوئی ہیں۔ کے سی تیاگی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو سے لے کر اندرا گاندھی تک ہندوستان کا ہر ایک وزیر اعظم فلسطین سے جذباتی تعلق رکھتا تھا۔ فلسطینی تحریک کے رہنما یاسر عرفات کو یاد کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ جب یاسر عرفات نے امریکی ، اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں کی عدم تحفظ کو محسوس کیا تو ہندوستان کا سفارتخانہ ان کا محفوظ ترین ٹھانہ ہوا کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ہندوستان کا موقف ہمیشہ واضح اور سامراجی قوتوں کے خلاف رہا ہے۔ ہندوستان کی بدلتی خارجہ پالیسی پر طنز کرتے ہوئے کے سی تیاگی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پنڈت جواہر لال نہرو نے فلسطین کو تسلیم کیا تھا لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ اسی پارٹی کے وزیر اعظم نرسمہا راؤ نے اسرائیل کو تسلیم کیا اور آج جوصورتحال ہے وہ سب کے سامنے ہےکسی سے بھی پوشیدہ نہیں ہے۔ لیکن اس کے باوجود انصاف پسند عوام آج بھی پوری طاقت کے ساتھ فلسطینی تحریک کے ساتھ ہیں۔