کیا بی جے پی نتیش کمار کو بہار کی سیاست سے ‘باعزت طریقے سے نکالنے’ کا منصوبہ بنا رہی ہے؟ کیا بی جے پی انہیں کسی اور کردار میں لانے کا سوچ رہی ہے؟ یہ سوالات اٹھانا ضروری ہے کیونکہ بہار میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ این ڈی اے اس کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ایسے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ بی جے پی انتخابات کے بعد ریاست میں اعلیٰ عہدہ کا دعویٰ کر سکتی ہے اور نتیش کمار کے لیے کوئی اور اہم کردار تلاش کر سکتی ہے۔ ایسے میں نتیش کمار کے بیٹے نے سیاست میں آنے کا اشارہ دیا ہے۔ اسے ریاستی سطح پر جگہ دی جا سکتی ہے۔
اس کے بارے میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے نے اقتدار کی آسانی سے منتقلی کے لیے ایک ممکنہ ‘پلان’ پیش کیا ہے۔ چوبے جو کبھی نتیش کی کابینہ میں وزیر رہ چکے ہیں۔چوبے نے کہا کہ میری ذاتی خواہش ہے کہ نتیش کمار کو نائب وزیر اعظم بنایا جائے۔ اگر میری خواہش پوری ہوتی ہے تو بابو جگ جیون رام کے بعد بہار اپنی مٹی کا ایک اور بیٹا اقتدار میں دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے میں نتیش کمار کی شراکت زبردست ہے۔ وہ اتحاد میں ثالث کا کردار ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کار کمار وجے نے ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بہار میں نتیش کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا کر انہیں مرکزی کابینہ کا حصہ بنا سکتی ہے یا کوئی اور آئینی عہدہ دے سکتی ہے۔
وجے نے کہا کہ اب بی جے پی بہار کی سیاست پر غلبہ حاصل کرنا چاہتی ہے اور اتحاد میں سینئر پارٹنر بننا چاہتی ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ بی جے پی نتیش کمار کو مرکزی کابینہ میں جگہ دے کر بہار سے ‘باعزت الوداع’ دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نتیش کمار کے بیٹے نشانت کو نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ دے کر جے ڈی (یو) کے ساتھ اپنا اتحاد برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔
تاہم، اشونی چوبے کی تجویز کو جے ڈی (یو) نے فوری طور پر مسترد کر دیا اور اس نے مرکزی وزیر امیت شاہ کے پہلے کے ریمارکس کو دہرایا کہ "تمام این ڈی اے اتحادیوں نے وزیر اعلی کو آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے اتحاد کے رہنما کے طور پر قبول کیا ہے۔جے ڈی یو کے ترجمان نیرج کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے کہ کون کیا کہتا ہے۔ مرکزی وزیر امیت شاہ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ این ڈی اے اگلے اسمبلی انتخابات نتیش کی قیادت میں لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش راج سے عوام پر امید ہیں۔