تہران کی جانب سے اسرائیل کو سخت جواب دینے کی دھمکی دینے کے بعد پاسداران انقلاب نے بھی اپنی دھمکیوں کا اعادہ کیا ہے۔ 26 اکتوبر کواسرائیلی حملے میں ایران کے تین علاقوں میں میزائل مینوفیکچرنگ ہیڈ کوارٹرز اور فضائی دفاع کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ پاسداران انقلاب کے معاون برائے رابطہ امور محمد رضا نقدی نے منگل کے روز اپنے بیانات میں تصدیق کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں اسرائیل پر مزید سخت حملے کیے جائیں گے۔
رضا نقدی نے حزب اللہ اور حماس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں آپ صہیونی ادارے پر مزید مضبوط حملے دیکھیں گے۔ اسرائیلی نئے اقدامات اور اختراعات سے حیران رہ جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ اس مرتبہ اسرائیلیوں کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے منگل کو کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو جواب ملے گا۔ حملہ کس قسم کا ہوگا۔ یہ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل پر منحصر ہے۔ فاطمہ مہاجرانی نے پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ اسرائیل کا حملہ ہماری سرحدوں پر ایک واضح حملہ تھا۔ ایران کے لیے دفاع کا حق جائز ہے۔فاطمہ مہاجرانی نے مزید کہا کہ جواب مناسب وقت اور جگہ دیا جائے گا۔ یہ یقینی ہے کہ اسرائیل کو جواب ملے گا لیکن کیسے اور کہاں جواب دیا جائے گا یہ سینئر رہنماؤں کے فیصلے پر منحصر ہے۔