اسرائیل نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ اس کی فوج جنوبی شام میں جبل الشیخ پر غیر معینہ مدت تک موجود رہے گی۔
اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے جمعرات کو پریس بیانات میں اعلان کیا کہ "غیر فوجی زون جنوبی شام میں ہی رہے گا”۔انہوں نے مزید کہاکہ "جنوبی شام کو ایک غیر فوجی علاقہ ہی رہنا چاہیے۔ہمیں نئے شامی صدر احمد الشرع پر بھروسہ نہیں، ہمیں صرف اپنی فوج پر بھروسہ ہے”۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے شامی فورسز پر حملہ کیا جنہوں نے جنوبی شام میں اپنی پوزیشن حاصل کرنے کی کوشش کی تھی اور انہیں پسپا کردیا۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے گذشتہ منگل کو اطلاع دی تھی کہ اسرائیلی طیاروں نے دمشق کے جنوب مغرب میں ایک فوجی ڈویژن کے ہیڈکوارٹر کو چار مختلف حملوں سے نشانہ بنایا، ان حملوں کے ساتھ ہی جنوبی درعا کے قصبے عزرا میں ایک اور ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے کہاہے کہ جنوبی شام میں فوجی دستوں کی موجودگی ایک ناقابل قبول خطرہ ہے۔اسرائیل نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ غیر معینہ مدت تک اپنی فوج کو شام کے جنوب میں واقع کوہ الشیخ پر تعینات رکھے گا۔ جبل الشیخ ایک سٹریٹجک علاقہ سمجھا جاتا ہے جس سے چار ممالک: لبنان، شام، اردن اور فلسطینی علاقے نظر آتے ہیں۔