•••کوئی بھی نظام، قانون و انصاف کو پامال کرکے مستحکم نہیں رہ سکتا : ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند
سنبھل، 27 فروری: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں جمعیۃ علماء گجرات کے ایک وفد نے آج سانحہ سنبھل کے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فی کس ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی۔ اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک سے قبل متاثرہ خاندانوں کی معاونت اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کرنا ہے۔ وفد میں جمعیۃ علماء گجرات کے نائب صدر و مدعوخصوصی مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند مولانا عبدالقدوس پالن پوری، مولانا ابو الحسن سیوانی (پالن پور) ،مولانا نسیم احمد بدرکھہ اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء سنبھل کے صدر حافظ محمد شاہد ، جنرل سیکریٹری مولانا ندیم اخترقاسمی اور مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی خصوصی ہدایت پر چند یوم بعد ہی مرکزی دفتر کی جانب سے ہر شہید کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کی جا چکی ہے۔ جمعیۃ متاثرین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس موقع پر مولانا عبدالقدوس پالن پوری نے اس موقع پر کہا کہ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی خصوصی توجہ دلانے پر جمعیۃ علماء گجرات یہاں اپنے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لیے آئی ہے۔ ہم نے ہمیشہ مظلوموں اور ضرورت مندوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم کیا ہے اور آئندہ بھی اپنے دینی و ملی فریضے کو پورا کرتے رہیں گے۔
جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ روز اول سے سانحہ سنبھل کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہماری امدادی سرگرمیوں کا مقصد صرف مالی مدد فراہم کرنا نہیں، بلکہ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور ان کے غم میں شریک ہونا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی نظام، قانون و انصاف کو پامال کرکے مستحکم نہیں رہ سکتا۔ ہم سانحہ سنبھل کے متاثرین کے ساتھ ہر حال میں کھڑے رہیں گے اور ہر ممکن کوشش کریں گے کہ مظلوموں کی دادرسی ہو اور انہیں انصاف دلانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔دریں اثنا جمعیۃ کے وفد نے سنبھل کی جامع مسجد کا بھی دورہ کیا اور ذمہ داران مساجد سے ملاقات کی ۔