نئی دہلی :(ایجنسی)
راشٹریہ لوک دل اس الیکشن میں اپنا وجود بچانے میں کامیاب رہی ہے۔ راشٹریہ لوک دل نے 33 سیٹوں پر مقابلہ کیا تھا اور آٹھ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ۔ راشٹریہ لوک دل اور سماج وادی پارٹی کے درمیان اتحاد تھا۔ جینت سنگھ کی آر ایل ڈی کا اثر مغربی اتر پردیش کے جاٹ اکثریتی علاقے میں ہے اور امید کی جارہی تھی کہ کسانوں کی تحریک کی وجہ سے آر ایل ڈی کو خاطر خواہ کامیابی مل سکتی ہے۔
آر ایل ڈی کا ووٹ شیئر کانگریس سے زیادہ ہے۔ کانگریس کا ووٹ شیئر 2.33 فیصد ہے جبکہ آرایل ڈی کا 2.85 فیصد ہے۔ سماج وادی پارٹی اور آر ایل ڈی اتحاد نے مظفر نگر کی کل چھ سیٹوں میں سے چار پر کامیابی حاصل کی ہے۔ مظفر نگر کسان تحریک کا مرکز رہا ہے۔
آر ایل ڈی نے چار میں سے تین سیٹیں جیتی ہیں۔ شاملی میں اس اتحاد نے تینوں سیٹیں جیت لی ہیں۔ وہیں، باغپت کی کل تین سیٹوں میں سے صرف ایک پر جیت ملی ہے۔ الیکشن سے پہلے بی جے پی نے جینت سنگھ پر ڈور ڈالنے کی کوشش کی تھی۔
غلام محمد نے باغپت کی سوال خاص سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ جاٹوں نے بھی مسلم امیدوار کو ووٹ دیا ہے۔ لیکن یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سماج وادی پارٹی اور آر ایل ڈی کی جارحانہ مہم کی وجہ سے بی ایس پی کو ووٹ دینے والے بی جے پی میں شامل ہو گئے۔
آر ایل ڈی کو نظریاتی مشورہ دینے والے سومپال شاستری نے دی ہندو کو بتایا، ’’یہ انتخابی نتیجہ ہمارے لیے مایوس کن ہے۔ ہم 20 سے زیادہ سیٹیں جیتنے کی امید کر رہے تھے۔ لیکن جینت مغربی اتر پردیش میں ایک اہم شخصیت کے طور پر ابھرے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جاٹ مسلمانوں نے مل کر کام کیا ہے۔ آر ایل ڈی نے حکمراں پارٹی کے کئی اہم چہروں کو شکست دی ہے۔ یوگی حکومت میں گنے کے وزیر رہنے والے سریش رانا کو تھانہ بھون سے آر ایل ڈی کے مسلم امیدوار اشرف علی نے شکست دی ہے۔
فائربرانڈ ایم ایل اے امیش ملک، جنہیں بی جے پی کے جاٹ چہرے سنجیو بالیان کا معتمد سمجھا جاتا ہے، کو بھی بڈھانہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے امیدوار اتل پردھان نے میرٹھ کی سردھانا سیٹ پر سنگیت سوم کو شکست دی، جو ہندوتوا کا منہ بولتا چہرہ سمجھا جاتا ہے، یہ ریاست میں نظر آرہا ہے لیکن دلت ووٹ بی جے پی کے پیچھے متحرک ہوگئے۔