سیتا پور : (ایجنسی)
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ ان کی گرفتاری مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔ پرینکا نے منگل کو ایک خط جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی سی پی پیوش کمار سنگھ نے انہیں زبانی طور پر بتایا کہ انہیں 4 اکتوبر کو صبح 4:30 بجے گرفتار کیا گیا ہے۔ پرینکا کسانوں کی موت کے بعد لکھیم پور کھیری جا رہی تھیں، لیکن پولیس نے انہیں روک دیاتھا۔
پرینکا نے کہا ہے کہ جب انہیں گرفتار کیا گیا اس وقت وہ سیتاپور ضلع میں تھیں اور یہ جگہ لکھیم پور کھیری کی سرحد سے 20 کلومیٹر دور تھی۔انہوں نے کہا کہ ضلع لکھیم پور کھیری میں دفعہ 144 نافذ تھی جبکہ جہاں تک انہیں معلوم ہے سیتا پور میں یہ دفعہ نہیں لگی تھی ۔
پرینکا نے بتایا کہ انہیں دو خواتین اور دو مرد کانسٹیبلوں کے ساتھ سیتا پور میں پی اے سی کمپاؤنڈ لے جایا گیا اور اس کے بعد سے 38 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی (5 اکتوبر شام 6:30 بجے تک) کسی طر ح کی کوئی وجہ یا لگی دفعات کے بارےمیں یوپی پولیس یا انتظامیہ نے مجھے نہیں بتایا ۔
اترپردیش میں کانگریس انچارج پرینکا نے کہا کہ مجھے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر دکھائی گئی ہے۔ مجھے کسی مجسٹریٹ کے سامنے پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی اور عدالتی افسر کے سامنے پیش کیاگیا ہے ۔ مجھے میرے وکیل سے بھی نہیں ملنے دیا گیا اور وہ صبح سے گیٹ پر کھڑے ہیں ۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ اسے سیتا پور کے پی اے سی کمپاؤنڈ میں رکھنا مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔
پرینکا نے منگل کی صبح وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھا تھا کہ کیا انہوں نے وہ ویڈیو دیکھی ہے جس میں ایک تھار گاڑی کسانوں کو روندتے ہوئے جا رہی ہے۔ اس نے کہا تھا ، ’اس ویڈیو کودیکھئے اور اس ملک کو بتایئے کہ اس وزیر کو کیوں نہیں برخواست کیا گیا ہے اور اس لڑکے کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔‘
مجھے میری بیوی سے ملنے نہیں دیا جارہا ہے

دریں اثناء رابرٹ واڈرانے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کی سیتا پور میں گرفتاری اور انہیں گیسٹ ہاؤس میں رکھے جانے کو لے کر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رابرٹ واڈرا نے نیوز 18 سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی بیوی سے نہیں ملنے دیا جا رہا ہے۔ انٹرنیٹ بند کردیا گیا ہے۔ پرینکا گاندھی سے بات نہیں ہو پا رہی ہے۔ بچے گھبرائے ہوئے ہیں۔ کسی لینڈ لائن نمبر سے بات ہو رہی ہے۔ رابرٹ واڈرا نے کہا کہ میں نے دو بار فلائٹ کا ٹکٹ کیا اور روڈ سے بھی جانا چاہتا ہوں، لیکن مجھے بھی نہیں جانے دیا جا رہا ہے۔
راہل گاندھی کے ساتھ جانے کے سوال پر رابرٹ واڈرا نے کہا، ’میں راہل گاندھی کے ساتھ جانا چاہتا تھا، لیکن راہل گاندھی نے بولا کہ پہلے وہ جائیں گے۔ مجھے خوف ہے کہ مجھے بھی حراست میں لے لیا جائے گا۔ پھر میرے بچوں کا کیا ہوگا۔ مجھے بھی نہیں جانے دیا جا رہا ہے‘۔








