لبنانی ملیشیا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کے چھ ٹینک تباہ کر دیے ہیں۔ یہ اسرائیلی ٹینک جنوبی لبنان کے علاقے کے علاوہ ساحلی علاقے میں نشانہ بنائے گئے ہیں۔ جہاں اسرائیل کے زمینی حملے کے بعد لڑائی جاری ہے۔حزب اللہ کے مطابق زیادہ تر ٹینک ساحلی علاقے میں تباہ کے گئے ہیں۔ لبنان کے سرکاری میڈیا نے بھی ان علاقوں میں شدید لڑائی کی تصدیق کی ہے۔ نیز لبنانی خبر رساں ادارے نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنانی سرحدوں کے مختلف حصوں میں لڑائی اتوار کے روز بھی جاری ہے۔خیال رہے پچھلے دو ماہ سے یہ جنگی سلسلہ تیز ہے اور اسی دوران اسرائیل نے زمینی حملہ بھی کیا ہے۔ جس کی حزب اللہ کے جنگجو مزاحمت کر رہے ہیں۔
‘این این اے’ کے مطابق لبنان کے ساحلی دیہات بایدہ کے نزدیک سرحد سے دس کلو میٹر کے فاصلے پر اسرائیلی فوج کا کانوائے تیس ٹینکوں کے ساتھ آرہا تھا۔ حزب اللہ نے اس کی مزاحمت کر کے کئی ٹینک تباہ کر دیے۔ جس کے بعد اسرائیلی فوج کو اس علاقے سے پسپا ہونا پڑا۔بایدہ کی اس لڑائی کے بارے میں حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے پانچ ٹینکوں کی بربادی کی ہے۔ حزب اللہ کے ایک اور بیان کے مطابق اسرائیل کا چھٹا مرکاوا ٹینک دیر مماس کے علاقے میں تباہ کیا گیا ہے۔مقامی میئر کے مطابق اسرائیلی فوج نے دیر میماس اور قریبی بستی کے درمیان ایک چیک پوسٹ قائم کی تھی۔دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے اس کے جنگجؤوں نے اسرائیلی فوج پر پانچ راکٹ فائر کیے۔ یہ راکٹ خیام کے مشرق میں اسرائیلی فوج پر داغے گئے۔ اس سرحدی علاقے میں حالیہ ہفتوں میں جنگ جاری ہے۔