اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے مدیانو تھانہ علاقے کے گایتری نگر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ جہاں صرف 30 روپے کے تنازع پر حجام نے ساہوکار کے بیٹے پر قینچی سے حملہ کر دیا۔ جس کی وجہ سے نوجوان کی آنتیں باہر آگئیں، اسی وقت نوجوان کا بھائی اس کی مدد کے لیے آیا تو حجام نے اس پر بھی استرے سے حملہ کردیا۔ نیوز پورٹل آج تک کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پڑوسی موقع پر جمع ہوگئے۔ تاہم پڑوسیوں کو دیکھ کر حجام اور اس کا بھائی موقع سے فرار ہو گئے۔ اس کے بعد پڑوسیوں نے زخمی نوجوان کو فوری طور پر کے جی ایم یو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا، جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ فی الحال پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔واقعہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے جوائنٹ کمشنر ببلو کمار نے بتایا کہ حجام کے ذریعہ ایک نوجوان پر قینچی سے حملہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جس کی وجہ سے نوجوان بری طرح زخمی ہو گیا ہے۔متاثرہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جارہی ہے۔ متاثرہ شخص اسپتال میں زیر علاج ہے۔ جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔