نئی دہلی : (ایجنسی)
کانگریس لیڈر راہل گاندھی اتر پردیش حکومت کی جانب سے روکے جانے کے بعد بھی لکھیم پور کھیری جانے کی ضد پر اڑے ہوئےہیں ۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چننی اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کے ساتھ وہ لکھیم پور کھیری کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ اس سے پہلے دہلی میںکانگریس دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاکہ ہم آواز اٹھا رہے ہیں تاکہ سرکار پر دباؤ بنے۔ اپوزیشن کایہی کام ہے اور اس کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی۔ یہی نہیں اس دوران میڈیا کی جانب سے سیاست کرنے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ یہ غلط سوال ہے ۔
میڈیا پر ہی برستے ہوئے راہل گاندھی نے کہاکہ یہ آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ مسائل کو اٹھائیں، لیکن آپ لوگ ذمہ داری سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ تو آپ کا کام ہے اوراس ذمہ داری کو آپ لوگ اٹھاتے نہیں ہیں۔ اس کے برعکس آپ لوگ ہم سے ہی سوال پوچھتے ہیں کہ سیاست ہو رہی ہے۔ میڈیا پر آر ایس ایس اور بی جے پی کا کنٹرول ہے ۔ لکھیم پور کھیری میں دفعہ 144 لاگو ہونے کے سوال پر راہل گاندھی نے کہاکہ لکھیم پور کھیری میں دفعہ 144 لاگو ہے،یہ صرف 5 لوگوں کو روکتی ہے ۔ ہم 3 لوگ جار ہےہیں ۔ ہم نے ان کو خط لکھ دیا ہے۔ اپوزیشن کا کام دباؤ بنانے کاہے تاکہ کارروائی ہو۔








