گزشتہ گیارہ ستمبر کو وی ایچ پی کے زیراہتمام ایک پروگرام میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ ججوں کی شرکت پر مختلف حلقوں کی طرف سے سوال اٹھایا گیا ہے -ترنمول کانگریس کی تیز طرار اور فعال رکن پارلیمنٹ مہوا نے اس پروگرام میں شرکت کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جسٹس ہیمنت گپتا کو نشانہ بنایا۔ جسٹس ہیمنت گپتا، جو اکتوبر 2022 میں سپریم کورٹ سے ریٹائر ہوئے تھے، نےوی ایچ پی کے پروگرام میں اپنی موجودگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ "ہندوستان کے شہری” کے طور پر موجودہ مسائل پر بات کرنے کے لیے اس تقریب میں شامل ہوئے تھے۔دی کوئنٹ نے جسٹس گپتا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "جہاں تک ریٹائرمنٹ کے بعد اس طرح کی تقریبات میں حصہ لینے والے ریٹائرڈ ججوں کا تعلق ہے، میں دوسروں کے بارے میں تبصرہ نہیں کر سکتا، لیکن مجھے موجودہ مسائل اور موضوعات پر بحث کرنے اور ان پر غور کرنے کے لیے فورمز میں شامل ہونے کی آزادی ہے۔ ‘‘
ممبرپارلیمنٹ مہوا موئترا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’’ بےشک مائی لارڈ ، آپ کو کسی بھی تقریب میں شرکت کرنے کی آزادی ہے۔ریٹائرمنٹ کے بعد عہدہ سنبھالئے، راجیہ سبھا کے نامزد رکن بنئے، بھگوان کو کچھ بھی کرنے سے کون روک سکتا ہے۔ہم صرف انسان ہیں – آپ سے سوال کرنے والے کون ہوتے ہیں؟‘‘
پی ٹی آئی کے مطابق، سپریم کورٹ اور مختلف ہائی کورٹس کے تقریباً 30 ریٹائرڈ ججوں نے مبینہ طور پر پ9 ستمبر کو نئی دہلی کے انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر میں منعقدہ وی ایچ پی کے پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ تصویریں شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بات چیت ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے عدالتی اصلاحات پر مرکوز تھی۔