لکھنؤ :
اترپردیش میںآئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے بساط بچھائی جانے لگی ہے۔ تین دہائیوں سے ریاست کی اقتدار سے باہر کانگریس کے سیاسی بنواس کو ختم کرنے کے لیے پرینکا گاندھی نے مورچہ سنبھال لیا ہے ۔ پرینکا گاندھی نے یوپی کے تقریباً 50 لیڈروں کو خود فون کرکے الیکشن لڑنے کے لیے ہری جھنڈی دے دی ہے۔ اتنا ہی نہیں اگست تک کانگریس نے ریاست کی 200 سے زیادہ سیٹوں پر امیدواروں کی لسٹ فائنل کرنے کا ٹارگیٹ رکھاہے ۔ جس کے تحت ریاستی صدر اجے کمار للو نے زون وائز میٹنگ کرکے امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع کردیا ہے ۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری اور یوپی کی انچارج پرینکا گاندھی نے جون کے پہلے ہفتے میں یوپی کے تقریباً50 لیڈروں کو فون کرکے 2022 کا الیکشن لڑنے کے لیے کہہ دیاہے۔ پرینکا نے صاف کردیا ہے کہ انتخاب کی تیاری کریں ، ٹکٹ آپ کا کنفرم ہے۔ اسی کے ساتھ 2017 میں جیت حاصل کرنے والے 7 میں سے 5 ایم ایل اے کو بھی الیکشن لڑنے کی ہری جھنڈی مل گئی ہے ۔ پرینکا نے ان تمام لیڈروں سے کہہ دیا ہے کہ وہ پورا فوکس اپنے حلقے میں رکھیں اور لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں، اس کے علاوہ ہر کسی کے سکھ – دکھ میں شامل ہوں اور انہیں سرکار کی خراب پالیسیوں کے بارے میں بتائیں۔
ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی نے یوپی کے جن کانگریسی لیڈروں کو کا ل کرکے الیکشن لڑنے کے لیے کہاہے ان میں شاملی سے پنکج ملک ، پرقاضی سے دیپک کمار ، بہٹ سے نریش سینی ، سہارن پور سے مسعود اختر، ولاسپور سے سنجے کپور ۔ چمراؤ سے یوسف علی ترک ، الہ آباد سے انوگروہ نارائن ، پنڈارسے اجے رائے ، مڑھیان سے للتیش ترپاٹھی ، زید پور سے تنجو پنیا ، تمکوہری راج سے اجے کمار للو، رام پور خاص سے ارادھنا مشرا مونا، جون پور سے ندیم جاوید ، متھرا سے پردیپ ماتھور ،کول سے وویک بنسل، کان پور سے سہیل انصاری اور فورندا سے وریندر چودھری شامل ہیں۔
کانگریس یوپی ریاست کے نائب صدر وریندر چودھری نےاس بات تصدیق کی ہے کہ انہیں پرینکا گاندھی نے الیکشن لڑنے کے لیے زبانی طور پر کہاہے ۔ انہوں نے بتا کہ گزشتہ انتخاب میں تیاریوں کا وقت کم مل پایا تھا ، جس کے باوجود میں 70 ہزار سے زیادہ ووٹ لے کر آیا تھا اور محض 1200 ووٹوں سے انتخاب ہار گیا تھا۔ اس بار سات مہینے پہلے ہمیں جس طرح سے پرینکا گاندھی نے انتخاب لڑنے کے لیے بولا ہے ،اس سے ہمیں زیادہ زیادہ سے وقت حلقے میں رہنے اور انتخابی تیاری کرنے کا موقع ملے گا۔
بتادیں کہ کانگریس نے یوپی کی تمام 403 سیٹوں پر امیدواروں کے انتخاب میں مصروف ہوگئی ہے۔ جس میں سے 50 لیڈروں کو پرینکا گاندھی نے فون کرکے الیکشن لڑنے کے لیے کہہ دیاہے، یہ وہ سیٹیں ہیں ،جہاں پر کانگریس کی اچھی خاصی عوامی حمایت ہے اور 2017 کے انتخابات میں 50 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں پارٹی کامیاب رہی تھی۔ اس کے علاوہ باقی ساڑھے تین سو سیٹوں پر امیدواروں کے انتخاب کے لیے کانگریس صدر اور پارٹی زون کے انچارج کو میٹنگ کرکے نام فائنل کرنے کے لیے کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہہ دیا ہے ۔