بنگلہ دیش میں نگران حکومت کے سربراہ محمد یونس نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات اگلے سال کے آخر یا 2026 کے آغاز میں منعقد ہوں گے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات محمد یونس پر انتخابات کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیشی طلبہ کی قیادت میں حکومت مخالف تحریک نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا، جس کے بعد محمد یونس کو ’چیف ایڈوائزر‘ مقرر کیا گیا۔کو سرکاری ٹیلی ویژن پر محمد یونس نے کہا کہ ’انتخابات کی تاریخیں 2025 کے آخر تک یا 2026 کی پہلی شش ماہی میں طے کی جائیں گے۔‘محمد یونس نے ملک میں اصلاحات کے لیے کمیشن بنائے ہیں، اور انتخابات کی تاریخ کا تعین اس بات پر منحصر ہے کہ سیاسی جماعتیں کس تاریخ پر متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’اس دوران، میں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ انتخابات کے انتظامات سے پہلے اصلاحات کی جانی چاہییں۔‘77 سالہ حسینہ واجد پانچ اگست 2024 کو اس وقت انڈیا بھاگ گئیں جب طلبہ کی قیادت میں حکومت مخالف تحریک کے مظاہرین ڈھاکہ میں وزیراعظم ہاؤس میں گھس گئے تھے۔حسینہ واجد کی حکومت پر بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام ہے جن میں سینکڑوں سیاسی مخالفین کے ماورائے عدالت قتل، اغوا اور غائب کرنا شامل ہیں۔