سیوان ایک بار پھر سرخیوں میں ہے مافیا ڈان مرحوم ڈاکٹر شہاب الدین کے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والےبیٹے اسامہ شہاب پہلی بار سیاسی میدان میں قسمت آزما رہے ہیں
اسامہ شہاب نے گزشتہ سال اکتوبر میں اپنی والدہ حنا شہاب کے ساتھ تیجسوی یادو کی موجودگی میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کی شمولیت نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا کہ اسامہ کو الیکشن لڑنے کا موقع دیا جائے گا۔ اب، آر جے ڈی نے اپنے موجودہ ایم ایل اے ہری شنکر یادو کا ٹکٹ کاٹتے ہوئے، سیوان ضلع کی رگھوناتھ پور اسمبلی سیٹ سے 30 سالہ اسامہ کو میدان میں اتارا ہے۔ اسامہ کے داخلے نے سیوان میں سیاسی منظرنامے کو گرما دیا ہے۔ اب شہاب الدین دور اور اسامہ دور کے حوالے سے بحث شروع ہو گئی ہے۔ شہاب الدین نے دو بار سیوان ضلع کی جیراڈی سیٹ سے اسمبلی الیکشن جیتا تھا، اس لیے آر جے ڈی نے جیراڈی کے بجائے اسی ضلع کی رگھوناتھ پور سیٹ سے اسامہ کو میدان میں اتارا ہے۔رگھوناتھ پور علاقہ ایک مسلم اور یادو اکثریتی علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ ایسے میں اسامہ پارٹی کے لیے جیت کی ایک بڑی امید دکھائی دے رہے ہیں۔ اپنے والد کے برعکس اسامہ نے لندن میں قانون کی تعلیم مکمل کی۔ تاہم، وہ COVID-19 سے اپنے والد کی موت کے بعد ہندوستان واپس آگئے تھے ۔ تاہم اپنے والد کی طرح وہ بھی الیکشن لڑنے سے پہلے ہی قید ہو چکے ہیں۔ پچھلے سال، زمین کے تنازعہ کے ایک مقدمے میں تین ماہ کی جیل کی سزا کاٹی۔
اقتدار میں واپسی کی کوشش کر رہی آر جے ڈی نے اسامہ کے لیے ایک محفوظ سیٹ کا انتخاب کیا ہے۔ وہ 2015 سے یہاں سے جیت رہے ہیں۔ آر جے ڈی کے ہری شنکر یادو مسلسل 10 سال سے ایم ایل اے تھے۔ لیکن اس بار یادو کا ٹکٹ کاٹ کر اسامہ کو میدان میں اتارا گیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سیوان کے لوگ شہاب الدین کے پرانے، بے رحم اور خونی دور کی جگہ لے کر نئے، جدید ‘شہاب الدین’ پر کیا ردعمل ظاہر کریں گے۔








