اتر پردیش کے حکام نے ہندوستان-نیپال سرحد کے 15 کلومیٹر کے دائرے میں واقع کم از کم 20 مساجد اور مدارس کو مسمار کردیا۔ _ اتوار کو جاری کردہ ایک پریس بیان میں، ریاستی حکومت نے اعلان کیا کہ ریونیو کوڈ کی دفعہ 67 کے مطابق بہرائچ، شراوستی، سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، بلرام پور، اور لکھیم پور کھیری اضلاع کے سرحدی علاقوں میں سینکڑوں تجاوزات کو صاف کر دیا گیا ہے۔
انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا کہ شراوستی ضلع میں، 17 "غیر تسلیم شدہ” مدارس کے خلاف کارروائی کی گئی، تحصیل بھنگہ میں 10 اور جمونہا تحصیل میں سات مدرسوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
"حکومت کی ہدایت کے مطابق، ضلع میں غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے اور غیر تسلیم شدہ مدارس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہیں تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی درست دستاویزات پیش کرنے میں ناکامی کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا،” شراوستی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے X پر لکھا۔

ضلع سدھارتھ نگر کی تحصیل نوگڑھ میں سرکاری اراضی پر بنائی گئی مسجد اور مدرسہ سمیت پانچ ڈھانچے منہدم کر دیے گئے۔مزید برآں، حکومت کے بیان کے مطابق، ضلع کی تحصیل شوہرت گڑھ میں چھ مقامات پر "غیر قانونی تعمیرات” کی نشاندہی کی گئی۔ لکھیم پور کھیری ضلع کی پالیا تحصیل میں، کرشنا نگر کالونی میں "غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ” مسجد کو منہدم کر دیا گیا۔ بہرائچ کی نانپارہ تحصیل میں، بھارت-نیپال سرحد کے قریب 227 تجاوزات کی نشاندہی کی گئی۔ جب کہ اس سے قبل 63 تجاوزات کا صفایا کیا گیا تھا، 25 سے 27 اپریل کے درمیان مزید 26 تجاوزات ہٹا دی گئیں، جس سے کل تعداد 89 ہوگئی۔ تاہم، حکام نے بتایا کہ ان تجاوزات والی جگہوں پر کوئی مذہبی یا تعلیمی ڈھانچہ نہیں ملا۔
مہاراج گنج ضلع میں، فرینڈہ، نوتنوا، اور نکلول تحصیلوں میں تجاوزات کی نشاندہی کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ جب کہ ایک کیس عدالت میں زیر التوا ہے، باقی کیسز کے لیے فی الحال بے دخلی اور مسماری کی کارروائی جاری ہے۔بلرام پور ضلع میں، سرکاری اراضی پر تجاوزات کے سات کیس رپورٹ ہوئے، جن میں بلرام پور تحصیل میں پانچ اور تحصیل تلسی پور میں دو۔ حکام کے مطابق، جب کہ دو تجاوزات نے رضاکارانہ طور پر زمین خالی کر دی، باقیوں کی بے دخلی کی کارروائی جاری ہے۔









