سنبھل:تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پولیس نے سنبھل تشدد کیس میں ایم پی ضیاء الرحمن برق کو پوچھ گچھ کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔ جامع مسجد کمیٹی کے صدر کی گرفتاری کے بعد اب پولیس تشدد کیس میں ایم پی صاحب سے پوچھ گچھ کرے گی۔نیوز18کے مطابق ایس پی نے اس سلسلے میں نوٹس جاری کرنے کی تصدیق کی ہے۔ ایم پی کو اشتعال انگیز بیان کے معاملے میں پہلے ہی نامزد کیا گیا ہے اور ہائی کورٹ کے رہنما خطوط کے تحت کیس کے تفتیشی افسر نے انہیں نوٹس جاری کیا ہے۔ تشدد کیس میں رکن اسمبلی ضیاء الرحمن برق کے ملوث ہونے کے کوئی ثبوت ملے تو پولیس ان کے خلاف سخت کارروائی کر سکتی ہے۔
فی الحال، تحقیقات ایم پی تک پہنچ گئی ہے اور جامع مسجد کے صدر کو پوچھ گچھ کے بعد پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ آنے والے تہواروں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ڈی آئی جی مرادآباد نے ضلع کے تمام پولس افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور امن و امان برقرار رکھنے کے احکامات دیئے۔ ڈی آئی جی مرادآباد کی واپسی کے بعد سنبھل ضلع کے ایس پی کے کے وشنوئی نے ایڈیشنل ایس پی شریش چندرا اور سی او انوج چودھری کے ساتھ مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا۔ چوہدری سرائے، کھگو سرائے اور دیپا سرائے کے علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا جس میں رکن پارلیمان ضیاء الرحمن برق کے گھر کے سامنے بھی مارچ کیا گیا۔