نئی دہلی :(ایجنسی)
انتخابی پالیسی ساز پرشانت کشور اور کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی کی ملاقات کی خبریں ہیں۔ اس بارے میں کہا جا رہا ہے کہ پرشانت کشور اور راہل گاندھی نے اس سال کے آخر میں ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی مہم کو مضبوط بنانے کے لیے ملاقات کی ہے۔ کانگریس کے دو ذرائع کے مطابق اس طرح کی بات چیت کی صورتحال گزشتہ سال دونوں کی علیحدگی کے بعد دیکھی گئی ہے۔
انتخابات کے لیے پارٹیوں کے لیے حکمت عملی بنانے والے پرشانت کشور اور کانگریس کے درمیان گزشتہ سال ستمبر میں بات چیت ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی راہیں جدا ہوگئیں۔ اس کے بعد کانگریس نے اپنی انتخابی مہموں کو آگے بڑھانے کے لیے ’پی کے‘ سابق معاون کے ساتھ سمجھوتہ کیا تھا۔ وہیں پرشانت کشور نے ممتا کے انتخابی مہم میں ساتھ دیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دو ذرائع کا کہنا ہے کہ پرشانت کشور نے کانگریس کو صرف گجرات کے لیے ساتھ کام کرنے کی پیشکش کی ہے۔ فی الحال اس تجویز پر کانگریس کی طرف سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم یہ بھی واضح ہے کہ پرشانت کشور گجرات انتخابات کے لیے کانگریس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی کانگریس کے کئی لیڈر ہیں جو چاہتے ہیں کہ پرشانت کشور گجرات میں پارٹی کی انتخابی مہم دیکھیں۔ لیکن مانا جا رہا ہے کہ ان تمام باتوں پر راہل گاندھی کا فیصلہ حتمی ہو گا۔
بتا دیں کہ گزشتہ سال پرشانت کشور نے سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ کئی دور کی بات چیت کی تھی۔ اس دوران راہل گاندھی کے گھر پی کے جانے کی تصویروں نے سیاسی بازار گرم کر دیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ کانگریس میں ان کے جانے کا فیصلہ تقریباً طے ہی ہو گیا تھا لیکن آخری وقت پر بات نہیں بن سکی۔ دوسری طرف، پرشانت کشور کا ماننا ہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے کانگریس کا اپوزیشن میں کردار ہے، لیکن موجودہ قیادت میں نہیں۔