بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفیٰ کے بعد پڑوسی ملک میں حالات انتہائی خراب ہیں۔ محمد یونس کی حکومت میں ہندوؤں سمیت تمام اقلیتوں کے حالات ابتر ہو چکے ہیں۔ اب حکومت ہند کی وزارت خارجہ نے بنگلہ دیش سے پرزور اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ہندوؤں اور ان کی املاک کی حفاظت وہاں کی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہندوستان ایک مستحکم اور جامع بنگلہ دیش کی حمایت کرتا ہے۔”یہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوؤں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ ساتھ ان کی جائیدادوں اور مذہبی اداروں کی حفاظت کرے،” وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک میڈیا بریفنگ میں مزید کہا کہ ہمیں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے، جو پرتشدد انتہا پسندوں کی رہائی سے بدتر ہو گئی ہے۔ ہم ایک مستحکم، پرامن، جامع بنگلہ دیش کی حمایت کرتے ہیں، جہاں تمام مسائل کا حل جمہوری طریقوں اور شمولیتی انتخابات کے ذریعے ہو۔بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ 5 اگست کو ملک چھوڑ کر بھارت چلی گئیں۔ اس وقت طلباء سمیت دیگر لوگوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔ اس کے بعد نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں حکومت قائم ہوئی۔ لوگوں کو امید تھی کہ یونس ملک کے حالات بہتر کریں گے لیکن حالات قابو سے باہر ہو گئے۔
دریں اثناء بنگلہ دیش نے ہندوستان سے شیخ حسینہ کو واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن اس کا کوئی جواب نہیں ملا۔ محمد یونس نے کہا ہے کہ ڈھاکہ نے بھارت کو باضابطہ خطوط بھیجے تھے جس میں معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم نئی دہلی کی جانب سے کوئی سرکاری جواب موصول نہیں ہوا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘بی ایس ایس’ کی خبر کے مطابق برطانوی چینل ‘اسکائی نیوز’ کو دیے گئے انٹرویو میں یونس نے کہا کہ حسینہ واجد کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ چلایا جائے گا۔ حسینہ (77) گزشتہ سال بنگلہ دیش میں طلباء کی قیادت میں ہونے والے زبردست احتجاج کے بعد ہندوستان آئی تھیں اور 5 اگست سے ہندوستان میں مقیم ہیں۔ بنگلہ دیش کے بین الاقوامی فوجداری ٹریبونل (آئی سی ٹی) نے حسینہ واجد اور کئی سابق کابینہ کے وزراء، مشیروں اور فوجی اور سویلین حکام کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔