نوئیڈا (ایجنسی )راجستھان پولیس کی ایک ٹیم متنازع متشدد مشتعل مزاج ٹی وی صحافی امن چوپڑا کو مختلف فرقوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں گرفتار کرنے کے لیے یوپی کے نوئیڈا میں ہے، راجستھان پولیس کے ایک افسر نے اتوار کو بتایا۔ ڈنگر پور کوتوالی پولیس اسٹیشن کے مطابق چوپڑا کے خلاف ایک شخص کی جانب سے ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ صحافی نے یہ دکھا کر جھوٹی اور فرضی تفصیلات دی ہیں کہ راجستھان حکومت نے الور کے جہانگیر پوری ضلع میں انسداد تجاوزات مہم کا بدلہ لیا ہے۔
امن چوپڑا کے خلاف 23 اپریل کو بنڈی، الور اور ڈنگر پور اضلاع سمیت کئی اضلاع میں بغاوت، مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے، دو گروپوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور آئی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت تین ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ چوپڑا کو راجستھان ہائی کورٹ سے ان کے خلاف بنڈی اور الور اضلاع میں درج دو ایف آئی آر میں گرفتاری پر روک لگانے سے راحت ملی ہے، لیکن ڈنگر پور ضلع کی مقامی عدالت کے حکم کے بعد انہیں گرفتاری کے وارنٹ کا سامنا ہے۔ایس پی سدھیر جوشی نے پی ٹی آئی کو بتایا، ہماری ٹیم نوئیڈا میں ڈیرہ ڈالا ہے اور اس کا سراغ لگانے کے لیے تمام ممکنہ جگہوں کی تلاشی لے رہی ہے۔ کل بھی ہماری ٹیم چوپڑا کے گھر گئی لیکن وہ وہاں نہیں ملے اور ان کی رہائش گاہ پر تالے لگے ہوئے تھے۔