جموں و کشمیر میں دہشت گردوں نے شیو کھوڑی سے واپس آنے والی بس کو نشانہ بنایا ہے۔ اس بس میں 40 سے 50 مسافر سوار تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق دہشت گردوں نے اس بس پر 40 سے 50 راؤنڈ فائر کیے جس میں ایک گولی بس ڈرائیور کو بھی لگی۔ بس ڈرائیور کو گولی لگنے کے بعد بس گہری کھائی میں گری -یہ بس شیو کھوڑی بھولے بابا کے درشن کے بعد واپس کٹرا کی طرف لوٹ رہی تھی۔ یہ حادثہ پونی اور رانسو کے درمیان چندی موڈ پر واقع درگاہ کے قریب پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ دہشت گردوں کا وہی گروپ ہے، جو راجوری، پونچھ اور ریاسی کے بالائی علاقوں میں چھپا ہوا ہے۔
جموں و کشمیر پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمعہ کی شام تقریباً 6.10 بجے دہشت گردوں نے راجوری ضلع کی سرحد سے متصل ریاسی ضلع کے پونی علاقے میں شیوکھوڑی سے کٹرا جانے والی مسافر بس کو نشانہ بنایا۔ گولی لگنے کے بعد بس ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا جس کے باعث بس قریبی کھائی میں گر گئی۔ مقامی گاؤں والوں کی مدد سے پولیس نے رات 8.10 بجے تک تمام مسافروں کو باہرنکالا۔
ریاسیکے ایس پی نے زخمیوں کو نکالے جانے کے کام کی نگرانی کی اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں بھیجا۔ اس سے قبل آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی 33 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں ریفر کیا گیا ہے، جن میں 13 افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ریاسی، 5 کو سی ایچ سی ٹریاتھ من اور 15 کو جی ایم سی جموں میں داخل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ سیکورٹی فورس آپریشن کرکے علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ حملہ آوروں تک پہنچنے کے لیے کثیر الجہتی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔