سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے قابض اسرائیلی ریاست کی طرف سے نام نہاد ’تاریخی اسرائیلی ریاست ‘ کے جعلی اور خود ساختہ نقشوں کی سوشل میڈیا پر اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا ہے۔ اسرائیل کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شائع کردہ نقشوں میں عرب ممالک اردن، لبنان اور شام کے کچھ حصوں کو ان کی مبینہ سرحدوں میں دکھایا گیا ہے۔
سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ اس طرح کے انتہا پسندانہ الزامات قابض حکام کے اپنے غاصبانہ تسلط کو مستحکم کرنے اور ریاستوں کی خودمختاری پر کھلے عام حملے جاری رکھنے اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کے عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔
اس تناظرمیں مملکت نے عالمی برادری سے خطے کے ممالک اور عوام کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے اور ریاستوں اور ان کی سرحدوں کی خودمختاری کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دینے کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کی ہے۔